مثبت ٹیسٹراجرز نے آلودہ خوراک کو وجہ قرار دے دیا

وقتی معطلی سائیکلنگ آسٹریلیا کے پینل کی سماعت تک نافذ العمل رہے گی،آفیشل


Sports Desk/AFP December 20, 2013
ورلڈ گورننگ باڈی انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین نے گذشتہ بدھ کو وقتی طور پر انھیں معطل کیا تھا۔ فوٹو: فائل

آسٹریلوی سائیکلسٹ مائیکل راجرز نے آلودہ خوراک کو مثبت ٹیسٹ کا سبب قرار دے دیا، یو سی آئی نے وقتی طور پر گذشتہ دنوں راجرز اور بیلجیئم کے جوناتھن برائن کو مبینہ ڈوپنگ واقعات کی وجہ سے معطل کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلین ٹرپل ورلڈ ٹائم ٹرائل چیمپئن مائیکل راجرز نے دعویٰ کیاکہ آلودہ خوراک کی وجہ سے ان کا ممنوعہ دوا کلینبیوٹیرول کے استعمال کا مثبت ٹیسٹ آیا ۔ ورلڈ گورننگ باڈی انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین نے گذشتہ بدھ کو وقتی طور پر انھیں معطل کیا تھا۔ ایک بیان میں یوسی آئی نے کہاکہ 20 اکتوبر کو جاپان کپ سائیکل روڈ ریس میں راجرز کے یورین کا نمونہ لیا گیا، اس سے کلینبیوٹیرول کا پتہ چلا ہے۔ راجرز نے دانستہ طور پر ڈوپنگ کی تردید کرتے ہوئے اس خدشے کا اظہار کیاکہ آلودہ خوراک ٹیسٹ میں ناکامی کا سبب ہوسکتی ہے۔ یو سی آئی کا کہنا ہے کہ راجرز کی وقتی معطلی سائیکلنگ آسٹریلیا کے پینل کی سماعت تک نافذ العمل رہے گی، وہ اس بات کا پتہ چلائے گی کہ کیا وہ اینٹی ڈوپنگ قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

 photo 12_zps4a7a3c8c.jpg

2004 کے اولمپک برانز میڈلسٹ 33 سالہ راجرز نے ناکام ٹیسٹ سے ایک ہفتے قبل چین میں ایک مقابلے میں حصہ لیا تھا۔ یو سی آئی اور ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے ماضی میں ایتھلیٹس کو وہاں جانوروں کی افزائش میں استعمال ہونے والی غیر قانونی ادویات کے استعمال کے بارے میں متنبہ کیا تھا۔ گھوڑوں میں دمے کے علاج کیلیے استعمال ہونے والی دوا کلینبیوٹیرول چربی کو گھلانے اور پٹھوں کو طاقت دینے میں مدد دیتی ہے،اس کے استعمال کی وجہ سے اسپین کے البرٹو کونٹاڈور کو 2010 ٹور ڈی فرانس کے موقع پر مثبت ٹیسٹ آنے پر ٹائٹل سے محروم کردیا گیا تھا ۔ راجرز کو معطلی کے خلاف درخواست اور بی سیمپل کے تجزیے کا حق حاصل ہے۔ آسٹریلین سائیکلسٹ نے 2003 سے 2005 تک مسلسل تین مرتبہ ورلڈ ٹائم ٹرائل چیمپئن شپ جیتی ہیں ۔