پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے معاملے پریوٹرن لیتے ہوئے پرانا سسٹم بحال کرنے کا ذہن بنالیا

محمد یوسف انجم  بدھ 14 اکتوبر 2020

محمد اکرم پاکستان کرکٹ کی خدمت کے لیے تیارہیں تاہم وہ فرنچائزٹیم کا عہدہ بھی ساتھ جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں: فوٹو: فائل

محمد اکرم پاکستان کرکٹ کی خدمت کے لیے تیارہیں تاہم وہ فرنچائزٹیم کا عہدہ بھی ساتھ جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں: فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کے معاملے پر یوٹرن لیتے ہوئے پرانا سسٹم بحال کرنے کا ذہن بنالیا۔

مصباح الحق کے بطورچیف سلیکٹرکا عہدہ چھوڑنے کے بعد کرکٹ بورڈ نے  سلیکشن پالیسی بھی تبدیل کرنے پر مشاورت شروع کردی ہے۔ ذارئع کے مطابق صوبائی ہیڈ کوچز پرمشتمل سلیکشن کمیٹی ختم کرکے ماضی کی طرح غیر جانبدار ارکان پر مشتمل نئی سلیکشن کمیٹی بنائے جانے کا امکان ہے۔ نئی سلیکشن کمیٹی چارسے پانچ اراکین پرمشتمل ہوگی ۔ نٰئے چیف سلیکٹر  کے لیے قومی ٹیم کے سابق بولنگ کوچ اورپشاورزلمی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد اکرم مضبوط امیدوار ہیں۔ محمد اکرم پاکستان کرکٹ کی خدمت کے لیے تیارہیں تاہم وہ فرنچائزٹیم کا عہدہ بھی ساتھ جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں۔

برطانیہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے والے محمد اکرم پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی فرینڈز پارٹی میں شمارہوتے ہیں ۔برطانوی شہریت کے مالک وسیم خان  خارجی دوستوں پرزیادہ اعتماد کرتے ہیں۔محمد اکرم سے پہلے ندیم خان ،ثقلین مشتاق، محمد زاہد اور عتیق الزمان کا تعلق بھی برطانیہ سے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔