بھارتی فنڈنگ سے بلوچستان میں دہشتگرد دوبارہ منظم ہوتے ہیں، وزیر داخلہ بلوچستان

ویب ڈیسک  جمعـء 16 اکتوبر 2020
دہشتگرد جہاں کارروائی کرینگے ان کیخلاف وہیں آپریشن ہوگا، میر ضیاء لانگو

دہشتگرد جہاں کارروائی کرینگے ان کیخلاف وہیں آپریشن ہوگا، میر ضیاء لانگو

 کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے کہا ہے کہ دہشتگرد جہاں کوئی کارروائی کرینگے ان کیخلاف وہیں آپریشن ہوگا۔

میر ضیاء لانگو نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز کوسٹل ہائی وے پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں 7 ایف سی اہلکار اور 7 سیکورٹی اہلکار شہید ہوئے، اس حملے کی ذمہ داری براس نامی دہشتگرد تنظیم نے قبول کی، سیکورٹی فورسز دہشتگردوں کے تعاقب میں ہیں، آج بھی تربت میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

میر ضیاء لانگو نے کہا کہ بلوچستان کا ایک ہی دشمن اور ماسٹر مائنڈ اور سہولت کار ہے، بھارت سالانہ 5 سو ملین ڈالر بلوچستان میں دہشت گردی کے لیے خرچ کرتا ہے، اس لیے دہشتگرد دوبارہ منظم ہوتے ہیں، طاقتور دشمن ملک کی کوششوں کے باوجود ہم نے دہشتگردی کو کنٹرول کیا ہے، گزشتہ دو سال میں صوبے میں دہشتگردی میں کمی آئی ہے لیکن ہم دہشتگری سے مکمل پاک قرار نہیں دے سکتے۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 7 سو کلو میٹر کی سرحد پڑوسی ممالک سے لگتی ہے اس لیے ایک ساتھ آپریشن نہیں ہوسکتا، دہشتگرد جہاں بھی کوئی کارروائی کرینگے ہم ان کیخلاف وہیں آپریشن کرینگے، مکران ڈویژن میں زیادہ کارروائیاں سی پیک کو ناکام کرنے کی کوشش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی بار افغانستان کے ساتھ سرحد پار دہشتگردی پر بات کی لیکن کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ملا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔