ملک میں کورونا کے 440 نئے کیسز رپورٹ، مزید 5 مریض جاں بحق

ویب ڈیسک  پير 19 اکتوبر 2020
کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 384 ہے

کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 384 ہے

 اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے 440 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 5 مریض جاں بحق ہوگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا وبا سے متاثرہ افراد کے تازہ اعداد و شمار جاری کردیے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 27 ہزار 91 ٹیسٹ کیے گئے، اس بیماری سے مزید 5 اموات ہوئیں اور 440 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے مجموعی کیسز 3 لاکھ 23 ہزار 452 ہوگئے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 384 ہے۔ کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 659 اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 7 ہزار 409 ہے۔

سندھ میں مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 41 ہزار 841، پنجاب میں 1 لاکھ 1 ہزار 652، خیبرپختونخوا 38 ہزار 645، اسلام آباد میں 18 ہزار 69، بلوچستان میں 15ہزار 688، آزاد کشمیر 3ہزار 498 اور گلگت میں 4059 ہوگئی۔

اسلام آباد میں کورونا کے نئے کیسز سامنے آنے کی شرح میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں کورونا کے مزید 83 نئے کیسز سامنے آگئے جن میں 43 مرد اور 40 خواتین شامل ہیں۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پا نی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔