شاندار افتتاحکراچی کے شہری ایکسپریس میڈیا گروپ کے فیملی فیسٹیول میں امڈ آئے

فیسٹیول معاشرے کوجوڑنے کا ذریعہ بنے گا،کراچی اور پاکستان کے بارے میں دنیاکومثبت پیغام ہے، ایڈمنسٹریٹرکراچی رؤف اختر


Business Reporter December 22, 2013
کراچی: ایکسپریس فیملی فیسٹیول میں لوگ شرکت کے لیے ایکسپو سینٹر کے ہال میں داخل ہورہے ہیں ۔ فوٹو : محمد نعمان/ ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام ''ایکسپریس فیملی فیسٹیول'' کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگیا۔

دو روزہ فیسٹیول کا افتتاح بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر رئوف اختر فاروقی نے کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایکسپریس فیملی فیسٹیول کراچی اور پاکستان کے بارے میں دنیا کے لیے مثبت پیغام ہے، فیسٹیول کے انعقاد سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس اور ماحول کی گھٹن کم کرنے میں مدد ملیگی،انھوں نے کہا کہ رنگا رنگ فیسٹیول امیدکی کرن ہے جس پر ایکسپریس میڈیا گروپ مبارکبادکا مستحق ہے انھوں نے کہا کہ کسی ایک کمپنی یا گروپ کی جانب سے کی جانے والی یہ ایک منفرد کاوش ہے فیملی فیسٹیول معاشرے کو جوڑنے اور دلوں میں گنجائش پیدا کرنے کا ذریعہ بنے گا پاکستانی معاشرے میں مثبت سوچ اور رجحانات کی ہرگز کمی نہیں ہے اور اسی مثبت سوچ کے ذریعے دہشت گردی جیسی منفی سوچ کو شکست دینے میں مدد ملیگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ معاشرے میں مثبت اور تعمیری سوچ کے پوٹیشنل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور فیسٹیول کے ذریعے نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک کے بارے میں دنیا کو مثبت پیغام ملے گا، انھوں نے کہا کہ فیسٹیول کے ذریعے شہریوں میں عدم تحفظ اور مایوسی کے احساس کوکم کرنے میں بھی مدد ملیگی فیسٹیول میں شرکت کرنے والوں کے چہروں پر چھلکنے والی خوشی اور تازگی اس بات کی دلیل ہے کہ شہریوں کا احساس عدم تحفظ اور مایوسی کم ہوئی ہے اور مثبت سوچ کو تقویت ملی ہے یہی مثبت سوچ معاشرے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد دیگی اس طرح کے صحت مند اور تفریح سے بھرپور ایونٹ کے انعقاد سے نہ صرف معاشرے کو جوڑنے دلوں میں گنجائش پیدا کرنے بلکہ خاندانی نظام کو بھی مضبوط اور مستحکم کرنے میں مدد ملیگی جس سے شہر اور معاشرہ ترقی کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ عدم تحفظ اور مایوسی کو تنہا حکومت ختم نہیں کرسکتی اس کیلیے نجی شعبے اور بالخصوص میڈیا کا تعاون اور ایک پلیٹ فارم سے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں اور اس حوالے سے ایکسپریس میڈیا گروپ کویہ کریڈٹ جاتا ہے کہ ایکسپریس فیملی فیسٹیول کے ذریعے معاشرے کی گھٹن کم کرنے اور تازہ دم ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔



قبل ازیں روئف اختر فاروقی نے نمائش کا دورہ کیا اور مختلف مقامی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے اسٹالز کا معائنہ کیا اور نمائش کے انتظامات کو سراہا ۔ فیسٹیول کے پہلے روز ہی شہریوں کا تانتا بندھ گیا، بچوں اور بڑوں نے بھرپور تفریح کے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دن بھر خوب ہلہ گلہ کیا، شام کو ہونے والے لائیو میوزیکل کنسرٹ نے سماں باندھ دیا، شہریوں کی بڑی تعداد بچوں کے ہمراہ صبح سے ہی ایکسپو سینٹر پہنچنا شروع ہوگئی، موسم سرما کی تعطیلات کیلیے اندرون ملک سے کراچی آنے والے افراد کی بڑی تعداد نے بھی فیسٹیول میں شرکت کی اور اسے تفریح کا بہترین موقع قرار دیا۔ فیسٹیول میں مختلف مقامی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے اسٹال لگائے گئے ہیں جن میں ہر عمر اور طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی دلچسپی اور اشیا ضرورت کے اسٹالز شامل ہیں جنہیں انتہائی خوبصورتی کے ساتھ آراستہ کیا گیا ہے۔ نمائش میں بچوں کی تفریح کیلیے پلے ایریا اور کھانے پینے کی اشیا کے فوڈ کورٹ نے فیسٹیول کی رونقوں کو دوچند کردیا ہے۔ موج مستی کے اس رنگارنگ میلے میں عوامی شرکت آسان بنانے کے لیے کسی بھی داخلہ پاس یا فیس کی شرط نہیں رکھی گئی۔

ساکنان کراچی دعوت نامے کے بغیر نمائش میں شرکت کرسکتے ہیں۔ فیملی کی تفریح کو بھرپور بنانے کے لیے فیملی کے بغیر نوجوان اور مردوں کا داخلہ ممنوع رکھا گیا ہے پارکنگ کی سہولت بھی بلامعاوضہ فراہم کی گئی ہے نمائش کے شرکا کو سیکیوریٹی کی فراہمی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں، نمائش میں شرکت کرنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں تفریح مہنگی اور مشکل ہوگئی ہے شہر کے حالات کے پیش نظر خاندان بھر کے تمام افراد کا گھر سے باہر ایک ساتھ تفریح کرنا اور مل کر اچھا وقت گزارنا مشکل ہوتا جارہا ہے تاہم ایکسپریس فیملی فیسٹیول کی شکل میں کراچی کے شہریوں کو گھر جیسے ماحول میں ایک بہترین موقع میسر آیا ہے کراچی کے شہری اس فیسٹیول کا شدت سے انتظار کررہے تھے فیسٹیول کے بہترین انتظامات کے ذریعے ایکسپریس میڈیا نے شہریوں کے دل موہ لیے ہیں۔

مقبول خبریں