پاکستان میں کورونا کی دوسری شدید لہر شروع ہوگئی، ڈاکٹر فیصل سلطان

ویب ڈیسک  منگل 27 اکتوبر 2020
زیادہ متاثرہ علاقوں میں کاروباری اوقات تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان کی میڈیا بریفنگ(فوٹو، فائل)

زیادہ متاثرہ علاقوں میں کاروباری اوقات تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان کی میڈیا بریفنگ(فوٹو، فائل)

 اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی دوسری شدید لہر شروع ہوچکی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھرمیں کورونا وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 400 سے بڑھ کر اب 700یومیہ سے تجاوز کرچکی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس وبا کی دوسری شدید لہر کا آغاز ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہ کہا کہ عوامی اور پُر ہجوم مقامات پر ماسک پہننے سمیت دیگر ایس او پیز پر عمل درآمد میں غفلت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے کورونا وبا کی پابندیوں کو مزید سخت کرناپڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک دو دنوں میں تمام صوبوں کی مشاورت کے ساتھ سفارشات سامنے لائیں گے۔ مقامی سطح پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پرجرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔ وبا کی دوسری لہر پر قابو پانے کے لیے پابندیاں مزید سخت کرنا پڑیں تو کی جائیں گی اس کے ساتھ عوام کو بھی زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وبا کا پھیلاؤ روکنےکیلئے جتنا احتیاط ضروری ہے اس پر عمل ہوتا نظر نہیں آرہا اس لیے مزید کڑے اقدامات کرنا پڑ سکتے ہیں۔

یہ خبر بھی دیکھیے: کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار سے بڑھ گئی، 773 نئے کیسز رپورٹ

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا  کہ این سی او سی میں صورت حال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے زیادہ کورونا والے علاقوں میں کاروبار کےاوقات کار میں تبدیلی زیرغورہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

جامعات میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز پر اجلاس طلب

جامعات میں بڑھتے کورونا کیسز پر  وائس چانسلر کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے جس میں ملک بھر کے وائس چانسلرز ویڈیولنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔ اجلاس میں جامعات میں بڑھتے کورونا کیسز پر گفتگو ہوگی۔ جامعات کو سیل کرنے سمیت ڈس ان فیکٹ کرنے کے امور پر بات چیت ہوگی.

یہ خبر بھی دیکھیے: کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، پرائمری کے بچوں کو اسکول نہ بھیجا جائے، ماہرین صحت

ایکسپریس نیوز کے مطابق  اجلاس میں جامعات کے دیگر مسائل پر بھی زیر بحث آئیں گے۔ چیئرمین وی سی کمیٹی ڈاکٹر علی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔