جیل چورنگی فلائی اوور کی تکمیل کیلے زمین مل گئی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ

رئوف اختر فاروقی نے لوپ پر جاری ترقیاتی کاموں اور سینٹرل جیل کا معائنہ کیا.


Staff Reporter December 23, 2013
جیل کی دیوار 12 فٹ اونچی اور شیڈز لگائے جائیں گے،رئوف اختر فاروقی نے لوپ پر جاری ترقیاتی کاموں اور سینٹرل جیل کا معائنہ کیا فوٹو: فائل

ISLAMABAD: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر رؤف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ جیل چورنگی فلائی اوور کے رائٹ وے لوپ اور منسلکہ سڑک کیلیے آئی جی جیل خانہ جات نے جگہ مہیا کردی ہے لہٰذا اب اس کام میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے زیر تعمیر لوپ اور منسلکہ سڑک کی کارپیٹنگ کاکام تیزی سے جاری ہے اور یہ منصوبہ اب تکمیل کے مراحل میں ہے۔

یہ بات انھوں نے یونیورسٹی روڈ کی طرف آنے والے جیل چورنگی فلائی اوور کے لوپ پر جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے اور آئی جی جیل خانہ جات کے دفتر کی عمارت کا معائنہ کرتے ہوئے کہی اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات سندھ نصرت حسین مگن، پروجیکٹ ڈائریکٹر شبیہ الحسن ، انجینئر تنویراحمد، پرجیکٹ انجینئر ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کراچی نے کہا کہ جیل چورنگی فلائی اوور کا رائٹ وے لوپ اور منسلکہ سڑک کیلیے سینٹرل جیل کی انتظامیہ نے جگہ فراہم کی ہے اور یہاں سے منتقل ہونے والی جیل کے عملے کی رہائش کیلیے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے رہائشی اپارٹمنٹس کی تعمیر پہلے ہی مکمل کرلی ہے ،اب آئی جی جیل خانہ جات کے دفتر کی تعمیر کاکام بھی تکمیل کے مراحل میں ہے اس موقع پر ایک بریفنگ میں بتایا گیا کہ سینٹرل جیل کی بائونڈری وال کو12 فٹ اونچا کیا جارہا ہے جس پر4 فٹ اوپر سے شیڈز لگائے جائیں گے۔

 photo 5_zps3ecdf277.jpg

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سینٹرل جیل کراچی میں بچوں اور خواتین کی جیل کا بھی دورہ کیا اور وہاں قیدی بچوں اور خواتین کو دی گئی سہولیات کو سراہا انھوں نے ہدایت کی کہ جیل چورنگی سے یونیورسٹی روڈ تک آنے والے جیل چورنگی فلائی اوور کے لوپ اور سروس روڈ کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے اور بجلی کے پول بھی بلاتاخیر لگائے جائیں تاکہ شہریوں کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو جیل چورنگی فلائی اوور کے منصوبے کی تکمیل سے سینٹرل جیل کے اطراف اور یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی اور ٹریفک جام کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے گا، اس اہم انٹر سیکشن سے نیو ایم اے جناح روڈ، شہید ملت روڈ، یونیورسٹی روڈ استعمال کرنے والی گاڑیاں گزرتی ہیں خصوصاً رش کے اوقات میں یہاں بے پناہ ٹریفک کا دبائو دیکھنے میں آتا ہے اس لیے جیل چورنگی فلائی اوور کے باقی ماندہ کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جانا ضروری ہے جس سے شہریوں کو سہولت حاصل ہوگی اور ان کے قیمتی وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی۔