ایشزسیریز گریم سوان نے ڈوبتی انگلش کشتی چھوڑدی

تجربہ کار اسپنر نے فوری طورپر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا


AFP/Sports Desk December 23, 2013
اینڈی فلاور کا خراج تحسین ،باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں پنیسر کو موقع مل پائیگا۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا کے ہاتھوں ایشز ٹرافی میں شکست پر اسپنر گریم سوان نے ڈوبتی انگلش کشتی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

انھوں نے ہنگامی پریس کانفرنس میں انٹرنیشنل کرکٹ سے دستبرداری اختیار کرلی، ان کا یہ فیصلہ اتوار 22 دسمبر سے موثر ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ میلبورن میں باکسنگ ڈے 26 دسمبر کو شروع ہوگا، پانچ برسوں پر محیط بین الاقوامی کیریئر میں سوان نے 60 ٹیسٹ میچزمیں 255 وکٹیں اپنے نام کیں، وہ انگلینڈ کی تاریخ کے چھٹے کامیاب ترین بولر بھی بنے،کینگروز سے باہمی مقابلوں میں انگلش سائیڈ اب تک سیریز کے تینوں ابتدائی میچزمیں بھاری شکست سے دوچار ہوکر ٹرافی گنواچکی ہے، سوان نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ میں نے اپنا فیصلہ درست وجوہات کی بنیاد پر کیا ہے، میرا جسم طویل دورانیے کی کرکٹ کیلیے موزوں نہیں رہا ہے، میرے بازو اب ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 30-40 اوورز بولنگ کے قابل نہیں رہے ہیں، میں اپنی پرفارمنس سے بھی مطمئن اور خوش نہیں تھا۔

 photo 4_zps5e830544.jpg

گریم سوان اپنی بذلہ سنجی اور منفرد شخصیت کی وجہ سے انگلش ٹیم کا مشہور کردار رہے ہیں، وہ اب تک کھیلے گئے تین ٹیسٹ میچز میں 80 کی بھاری اوسط کے عوض اب تک محض7 وکٹیں اپنے نام کرپائے تھے، جمعرات سے شیڈول چوتھے میلبورن ٹیسٹ میں انگلش ٹیم میں سوان کی جگہ ممکنہ طور پر مونٹی پنیسر سنبھالیں گے، دوسری جانب انگلش کوچ اینڈی فلاور نے ماضی قریب میں انگلش فتوحات میں سوان کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کی کامیابیوں پر انھیں مبارکباد پیش کی ، ان کا کہنا تھا کہ اسپنر کی کھیل سے لگن اور اسپرٹ اور حس مزاح کمال کی تھی، ہم ان کے بہتر مستقبل کیلیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔