امریکی صدارتی الیکشن کے دوران کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ

ویب ڈیسک  جمعـء 6 نومبر 2020
ایک دن میں زیادہ سے زیادہ کورونا کیسز کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، فوٹو : فائل

ایک دن میں زیادہ سے زیادہ کورونا کیسز کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکا میں صدارتی الیکشن میں ووٹنگ کی گنتی کا عمل جاری ہے تاہم پولنگ والے دن اور اس سے قبل انتخابی مہم کے دوران لوگوں کے اجتماع اور آزادانہ میل جول کے باعث کورونا کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 23 ہزار 85 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو یومیہ بنیاد پر کورونا کیسز کا ایک ریکارڈ ہے۔

امریکا کورونا کیسز کی مجموعی تعداد اور ہلاکتوں کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں مجموعی طور پر 96 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 2 لاکھ 34 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔

امریکا میں کورونا کی اتنے بڑے پیمانے پر تباہی کے باوجود صدارتی الیکشن میں کورونا احتیاطوں کو بالائے طاق رکھا گیا اور انتخابی مہم میں جلسے جلوس منعقد کیے گئے جس کے باعث نئے کیسز میں اضافہ ہوا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کے متاثرين کی تعداد 4 کروڑ 73 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ سے زائد ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔