ٹرمپ کا الیکشن میں شکست تسلیم نہ کرنا شرمناک ہے، جوبائیڈن

ویب ڈیسک  بدھ 11 نومبر 2020
اقتدار کی منتقلی کو کوئی نہیں روک سکتا، نومنتخب امریکی صدر

اقتدار کی منتقلی کو کوئی نہیں روک سکتا، نومنتخب امریکی صدر

 واشنگٹن: امریکی کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے شکست تسلیم نہ کرنے کو شرمناک قرار دے دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد پہلی بار میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جوبائیڈن نے ٹرمپ کے شکست تسلیم نہ کرنے اور اقتدار کی ہموار منتقلی سے انکار کے بیان کو مسترد کردیا۔

جوبائیڈن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ یہ بات تسلیم کرنے کو تیار نہیں کہ ہم جیت گئے ہیں اور وہ ہار چکے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا انکار شرم ناک ہے لیکن اقتدار کی منتقلی کو کوئی نہیں روک سکتا اور تاریخ میں انہیں اچھی نظر سے نہیں دیکھا جائیگا، ٹرمپ بطور صدر اپنے پیچھے جو وراثت چھوڑ رہے ہیں وہ اچھی نہیں۔

نومنتخب صدر نے کہا کہ ٹرمپ کے تعاون کے بغیر اقتدار کی منتقلی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور اور اسے کوئی بھی نہیں روک سکتا۔

جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو پیغام بھی دیا کہ صدر صاحب ہم آپ سے بات کرنے کو تیار ہیں۔ جوبائیڈن نے عالمی رہنماؤں کو بھی پیغام دیا کہ گیم میں واپس جارہے ہیں، امریکا واپس آگیا ہے اور تنہا نہیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں الیکشن کے حتمی نتائج کا اعلان 14 دسمبر کو ہوگا اور صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کی ہے کہ وہ ووٹوں کی گنتی کے اختتام پر جیت جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔