بحرین کورونا ویکسین کی منظوری دینے والا پہلا اسلامی ملک بن گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 5 دسمبر 2020
2 دسمبر کو برطانیہ نے بھی فائزر کی کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت دیدی تھی، فوٹو : فائل

2 دسمبر کو برطانیہ نے بھی فائزر کی کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت دیدی تھی، فوٹو : فائل

مناما: بحرین نے بھی امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور جرمنی ٹیکنالوجی کمپنی بائیو ٹیک کے اشتراک سے تیار ہونے والی کورونا ویکسین کے ہنگامی بنیاد پر استعمال کی اجازت دیدی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے بعد بحرین فائزر اور بائیو ٹیک کی کورونا ویکسین کو ہنگامی بنیادوں پر مریضوں پر استعمال کرنے کی اجازت دینے والا دوسرا ملک بن گیا ہے۔

بحرین کے قومی صحت ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں امریکی دوا ساز کمپنی فائزر کی کورونا ویکسین کو ہنگامی بنیادوں پر شدید قسم کی علامات رکھنے والے ہائی رسک مریضوں میں استعمال کرانے کی منظوری دی گئی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : برطانیہ نے کورونا ویکسین استعمال کرنے کی منظوری دے دی 

بحرین کی جانب سے فائزر کی کورونا ویکسین کی منظوری کے باوجود ابھی یہ واضح نہیں کہ کتنی تعداد میں ویکسین خریدی جائیں گی اور ویکسینیشن کا آغاز کب ہوگا۔

برطانیہ کے مقابلے میں بحرین گرم ملک ہے جب کہ فائزر کی ویکسین کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے برآمد سے مریضوں کی فراہمی تک ویکسین کو منفی 70 ڈگری تک درجہ حرارت میں رکھنا لازمی ہوتا ہے۔

ویکسین کے لیے درکار منفی 70 ڈگری درجہ حرارت کو برقرار رکھنے میں بحرین کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے جہاں عمومی طور پر 40 ڈگری تک درجہ حرارت رہتا ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کمپنی نے خصوصی پیکنگ تیار کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔