وزارت داخلہ کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی ملیشیا ونگز کے خلاف اقدامات کی ہدایت

اسٹاف رپورٹر  منگل 8 دسمبر 2020
مختلف جماعتوں کے ملیشیا ارکان مسلح افواج جیسی وردی اور رینکس لگاتے ہیں، یہ آئین کی خلاف ورزی ہے، وزارت داخلہ (فوٹو : انٹرنیٹ)

مختلف جماعتوں کے ملیشیا ارکان مسلح افواج جیسی وردی اور رینکس لگاتے ہیں، یہ آئین کی خلاف ورزی ہے، وزارت داخلہ (فوٹو : انٹرنیٹ)

 اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سیاسی و مذہبی جماعتوں کی ملیشیا ونگز کے خلاف صوبوں کو موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت نے مذہبی جماعتوں کے ملیشیا ونگز کے خلاف صوبائی حکومتوں کو کارروائی کرنے اور موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی۔ وفاقی وزارت داخلہ نے صوبائی حکومتوں کو مراسلہ بھجوایا ہے کہ مذہبی جماعتوں نے اپنی ملیشیا بنا رکھی ہیں۔

وفاقی وزارت داخلہ نے قانون کی اس خلاف ورزی پر وارننگ جاری کرتے ہوئے مراسلے میں کہا ہے کہ مختلف جماعتوں کے ملیشیا ارکان مسلح افواج جیسی وردی اوررینکس لگاتے ہیں، ملیشیا بنانا آئین کے آرٹیکل 256 اور نیشنل ایکشن پلان کے تیسرے نکتےکی خلاف ورزی ہے، ملیشیا کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو سیکیورٹی صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے، جس سے دنیا میں پاکستان کا منفی تاثر ابھرے گا۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسی تنظیمیں غلط مثال قائم کررہی ہیں، صوبائی حکومتیں فوری طور پر نوٹس لیں اور ان کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کریں ، وفاقی حکومت اس معاملے میں صوبوں کی ہر طرح مدد کے لیے تیار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔