پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں گندم کی کاشت شروع ہوگئی ہے جہاں پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ اور راولپنڈی ڈویژن میں گندم کی کاشت کا ہدف 16 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر زراعت پنجاب عاشق کرمانی نے کمشنر آفس راولپنڈی میں گندم کی کاشت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں محکمہ زراعت کے افسران نے گندم کی جاری کاشت پر مفصل بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر عاشق کرمانی نے کہا کہ گندم ملکی فوڈ سیکیورٹی کے لیے ناگزیر ہے، گندم کے تصدیق شدہ بیج کے فروغ کے لیے 32 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کا بیج 800 روپے کی سبسڈی کے بعد 7 ہزار روپے فی بیگ دستیاب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ ایکڑ کے لیے ڈی اے پی خریداری پر 17 ارب روپے کا اضافی بلاسود قرض فراہم کیا جارہا ہے، کسان کارڈ کے ذریعے 3500 روپے فی ایکڑ بلاسود اضافی قرض سے 10 لاکھ کاشت کار استفادہ کریں گے۔
سیکریٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے کہا کہ خطہ پوٹھوہار میں ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر عمل درآمد جاری ہے اور فیلڈ فارمیشنز کے تحت جاری گندم کی کاشت مہم کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کا گندم کی کاشت کے سلسلہ میں فعال عملی تعاون درکار ہے۔