ساکھ بچاؤ مہم میں پیٹرسن انگلش امیدوں کا مرکز بن گئے

کینگروز سے چوتھے ٹیسٹ میں ناقابل شکست ففٹی،ٹیم نے6 وکٹیں 226 پر گنوادیں


AFP/Sports Desk December 27, 2013
میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں چوتھے ایشز ٹیسٹ کے پہلے روز انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن کا دفاعی شاٹ، انھوں نے ناقابل شکست 67رنز بنائے۔ فوٹو: اے ایف پی

ساکھ بچائو مہم میں کیون پیٹرسن انگلینڈ کی امیدوں کا مرکز بن گئے، چوتھے ایشز ٹیسٹ کے پہلے روز مہمان ٹیم نے6 وکٹیں 226 پر گنوادیں۔

مڈل آرڈر بیٹسمین67 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، مچل جونسن اور ریان ہیرس نے 2،2پلیئرزکو پویلین کی راہ دکھائی۔تفصیلات کے مطابق ایشز سیریز ہارنے کے بعد ساکھ کی بحالی کیلیے کوشاں انگلش ٹیم میلبورن میں چوتھے ٹیسٹ کے پہلے روز بھی متعدد مواقع ملنے کے باوجود وکٹیں بچانے میں کامیاب نہ ہوسکی،کپتان الیسٹر کک اور مائیکل کیربیری نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنائے، کیربیری کا کیچ مائیکل کلارک اور اسٹیون اسمتھ کی غلط فہمی کے سبب ڈراپ ہوگیا، پیٹرسڈل نے کپتان کی معاونت سے کک(27) کا شکار کرلیا۔

 photo 4_zps964a1769.jpg

کیربیری(38) کی بیلز شین واٹسن نے فضا میں بکھیریں،جوئے روٹ 24رنز بنانے کے بعد ریان ہیرس کی وکٹ ثابت ہوئے،انھوں نے بریڈ ہیڈن کو کیچ تھمایا،106پر3وکٹیں گرنے کے بعد ای این بیل نے27 پر وکٹ گنوا دی، انھوں نے کیون پیٹرسن کا 173رنز تک ساتھ دیا،ریان ہیرس نے ہیڈن کی مدد سے دوسری وکٹ حاصل کی،جونسن نے بین اسٹوکس(14) کو چلتا کرنے کیلیے واٹسن کا سہارا لیا جبکہ جونی بیئر اسٹو(10) کو بولڈ کیا،کیون پیٹرسن کو 2مواقع ملے، متبادل فیلڈر ناتھن کولٹر بائونڈری کے قریب گیند پکڑ کر چھکا نہ بچا پائے، مڈ وکٹ پر جارج بیلی نے بھی کیچ ڈراپ کیا۔پہلے روز کھیل کے اختتام پر پیٹرسن67اور ٹم بریسنن ایک رن بناکر کریز پر موجود تھے۔