دوسرا ٹیسٹ بھارتی ٹاپ آرڈر پروٹیز کیلیے وبال جان بن گیا

1 وکٹ پر 181 رنز، مرلی وجے 91 پر ناقابل شکست، پجارا کی ففٹی، کھیل موسم سے متاثر


AFP/Sports Desk December 27, 2013
ڈربن ٹیسٹ : بھارتی اوپنر مرلی وجے کا آف سائیڈ کی جانب شاٹ، انھوں نے ناقابل شکست91رنز بنا کر ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔ فوٹو: بی سی سی آئی

دوسرے ٹیسٹ میں بھارتی ٹاپ آرڈر پروٹیز کیلیے وبال جان بن گیا، ابتدائی روز ایک وکٹ پر 181 رنز بنالیے، مرلی وجے 91 اور چتیشور پجارا58 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،کم روشنی کی وجہ سے آخری سیشن کا کھیل ہی نہیں ہوسکا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر خشک وکٹ پر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا، اس طرح انھوں نے پہلے ٹیسٹ کے آخر میں مسلسل بولنگ سے تھکے ہارے فاسٹ بولرز کو اپنی توانائیاں بحال کرنے کا ایک اور موقع بھی فراہم کیا۔ اننگز کے آغاز پر شیکھر دھون اور مرلی وجے کافی پُراعتماد دکھائی دیے، دھون نے چار چوکے جڑ کر ہاتھ کھولے ہی تھے کہ انجری سے ہنگامی نجات پانے والے مورن مورکل کا شکار بن گئے۔

 photo 8_zps025470de.jpg

تھرڈ سلپ میں الویرو پیٹرسن نے کیچ تھاما، دھون نے 29 رنز بنائے، یہ پورے دن میں ملنے والی واحد وکٹ تھی جو ابتدائی سیشن کے وسط میں ڈرنک بریک کے بعد جنوبی افریقہ کے ہاتھ آئی، مرلی وجے نے ذمہ داری سے بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 102 گیندوں پر ففٹی مکمل کی جس میں 11چوکے شامل تھے،کھیل رکنے تک وہ 201 بالز کا سامنا کرتے ہوئے مزید 6 چوکے جڑ کر اپنے اسکور کو 91 تک پہنچا چکے تھے، دوسرے اینڈ پر موجود پجارا نے 117 بالز پر 58 رنز بنائے، انھوں نے7 بارگیند کو بائونڈری کی سیر کرائی، دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے 140 رنز کی ناقابل شکست شراکت ہوچکی ہے۔