آئی ایم ایف کو 14کروڑ70 لاکھ ڈالر کی ایک اور قسط واپس

25ویں قسط کے بعدنومبر2008 کے لون پروگرام میں سے6ارب24کروڑچکائے جا چکے


Business Reporter December 27, 2013
پاکستان کومزید1ارب38کروڑ80لاکھ ڈالرستمبر2015 تک اداکرناہونگے، اسٹیٹ بینک فوٹو: فائل

پاکستان نے آئی ایم ایف کو 14کروڑ70لاکھ ڈالرکی ایک اور قسط ادا کردی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے کے لیے آئی ایم ایف سے قرض کی درخواست کی تھی جس پر پاکستان کے لیے نومبر2008 میں 11 ارب ڈالر کا لون پروگرام منظور کیا گیا تھا جو وقت سے پہلے ہی ختم کردیا گیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق آئی ایم ایف کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے طور پر لیے گئے قرضوں کی 25ویں قسط ادا کردی گئی ہے، اس قسط کی ادائیگی کے ساتھ پاکستان نے آئی ایم ایف کو 6 ارب 24 کروڑ90 لاکھ ڈالر کے قرضوں کی واپسی مکمل کرلی ہے، یہ قرضے جولائی 2011سے اب تک ادا کیے گئے ہیں۔



ان قرضوں میں اسٹینڈ بائی اریجمنٹ کی سہولت کے تحت حاصل کیے جانے والے 5ارب 40 کروڑ40 لاکھ ڈالر شامل ہیں، رواں مالی سال کے دوران پاکستان نے آئی ایم ایف کو 1ارب91کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی ادائیگیاں کی ہیں جن میں 1ارب77کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے اسٹینڈ بائی اریجمنٹ کے تحت لیے گئے قرضے جبکہ 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے ایمرجنسی (ای این ڈی اے) قرضے شامل ہیں، حالیہ 25ویں قسط کی ادائیگی کے بعد پاکستان پر آئی ایم ایف کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت لیے گئے 1 ارب 38کروڑ 80 لاکھ ڈالرکے قرض کا بوجھ باقی رہ گیا ہے جو ستمبر 2015 تک ادا کرنا ہو گا۔