اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ وفاقی وصوبائی حکومتی اداروں سے جواب طلب

وفاقی حکومت سے پوچھا جائے کہ مہنگائی کو کیوں نہیں روکا جا رہا، درخواست گزار


ویب ڈیسک December 16, 2020
حکومتی ادارے ناکام ہوچکے، عدالت عمل داری کا حکم دے، درخواست گزار: فوٹو: فائل

عدالت نے اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے پر وفاقی و صوبائی حکومتی اداروں سے جواب طلب کرلیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کیخلاف درخواست پرسماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران درخواستگزارمحمود اخترنقوی نے کہا کہ 3 بارنوٹسزجاری کیے مگرجواب تک نہیں آرہا،عوام کے لیے بنیادی اشیا کی خریداری مشکل ہوچکی ہے، وفاقی حکومت سے پوچھا جائے کہ مہنگائی کو کیوں نہیں روکا جا رہا، حکومتی ادارے ناکام ہوچکے، عدالت عمل داری کا حکم دے۔

جسٹس محمد علی مظہرنے استفسار کیا کہ وفاقی ادارے جواب کیوں جمع نہیں کراتے، باربار نوٹسز جاری ہوچکے، آخر کب جواب جمع کرائیں گے جس پرڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ آئندہ سماعت پرجواب کو یقینی بنائیں گے۔ عدالت نے وفاقی و صوبائی حکومتی اداروں سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔