ڈیل اسٹین نے ڈربن میں وکٹوں کی پیاس بجھالی

6پلیئرزکوٹھکانے لگایا،بھارت334پرآئوٹ،پروٹیز نے وکٹ کھوئے بغیر82رنز بنالیے.


AFP/Sports Desk December 28, 2013
6پلیئرزکوٹھکانے لگایا،بھارت334پرآئوٹ،پروٹیز نے وکٹ کھوئے بغیر82رنز بنالیے. فوٹو: اے ایف پی/فائل

جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین نے ڈربن میں وکٹوں کی پیاس بجھا لی،فاسٹ بولر نے ٹاپ آرڈرکو ٹھکانے لگانے کے بعد اختتامی سیشن میں 10 بالز پر مزید 3 وکٹیں لیں، انھوں نے مجموعی طور پر 100رنز کے عوض6 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا، بھارت کی پہلی اننگز334 پر تمام ہوگئی۔

جواب میں پروٹیز نے بغیر کسی نقصان 82رنز بنالیے۔ تفصیلات کے مطابق جوہانسبرگ میں محض ایک وکٹ لے کر عالمی رینکنگ میں تنزلی سے دوچار ہونے والے میزبان فاسٹ بولر اسٹین نے اس مرتبہ بھارت کے چھکے چھڑادیے، انھوں نے6 وکٹیں حاصل کیں، بھارت نے دوسرے روز نامکمل اننگزکو ایک وکٹ 181 رنز سے شروع کیا، اسٹین نے پجارا (70) کو میدان بدر کرکے مرلی وجے کے ساتھ دوسری وکٹ کیلیے 157 کی شراکت کا خاتمہ کیا، مرلی وجے بھی سنچری نہ بنا سکے۔

 photo 5_zpsa713ee11.jpg

97 کے انفرادی اسکور پر وہ اسٹین کی گیند پر ڈی ویلیئرز کا کیچ بنے، روہت شرما صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، میچ کا پہلا سیشن بارش کی نذر ہوا، اختتامی سیشن میں اسٹین نے 10 گیندوں پر تین وکٹیں لیں، انھوں نے دھونی (24) کے بعد جڈیجا اور ظہیرکو صفر پر ٹھکانے لگاکر اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنادی، ایشانت 4 اور شامی ایک رن بنا سکے، میزبان ٹیم نے جوابی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے82رنز بنالیے، الویرو پیٹرسن 46 اور اسمتھ 35رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔