سنار کی دکان میں نقب زنی لاکھوں روپے کے طلائی زیورات چوری

مسلح ملزمان نے کٹر کی مدد سے تالے اورآہنی گیٹ کاٹا


Staff Reporter December 21, 2020
مسلح ملزمان نے کٹر کی مدد سے تالے اورآہنی گیٹ کاٹا

نیو کراچی سیکٹرالیون ای میں واقع صرافہ مارکیٹ کی جیولری شاپ میں نقب زنی کی واردات کے دوران 6 سے زائد نامعلوم ملزمان لاکھوں روپے مالیت سے بھری 2 تجوریاں بشمول 50لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات لیکر فرار ہو گئے۔

اتوار اور پیر کی درمیانی شب نیو کراچی تھانے کے علاقے نیو کراچی سیکٹرالیون ای میں سندھ گورنمنٹ اسپتال کے قریب صرافہ مارکیٹ کی جیولری شاپ میں نامعلوم مسلح ملزمان نے تالے اورآہنی گیٹ کٹر کی مدد سے کاٹا اورشاپ میں داخل ہوئے ،ملزمان کچھ دیر میں ہی لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات سے بھری 2 تجوریاں لے اڑے ،واردات کی اطلاع ملنے پر دکاندار موقع پر پہنچ گئے جبکہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بنگلے سے 80لاکھ سے زائد مالیت کے طلائی زیورات چوری

واردات کے خلاف دکانداروں نے احتجاج شروع کردیا،متاثرہ جیولری شاپ کے مالک شمشاد رفیق نے بتایا کہ نقب زنی کی واردات رات ساڑھے 4 بجے سے 5 بجے تک ہوئی اور نامعلوم ملزمان 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات سے بھری 2 تجوریاں لے اڑے، واردات کی اطلاع صبح پڑوسی دکاندار کی جانب سے دی گئی اور جب وہ موقع پر پہنچے تو پوری جیولری شاپ اجڑ چکی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی موجود ہے جس میں ملزمان کو واردات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ملزمان لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات سے بھری تجوری ایک سیاہ رنگ کی گاڑی میں لاد کر فرار ہو گئے، نقب زنی میں ملزمان کی تعداد 6 سے زائد معلوم ہوتی ہے۔

صرافہ مارکیت کے دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نقب زنی کی واردات میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے اورانہیں سخت سے سخت سزا دی جائے اور لوٹے جانے والے طلائی زیورات برآمد کیے جائیں۔

ادھرپولیس نے جائے واردات سے ملزمان کے فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد اکٹھا کر لیے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی تحویل میں لےلی ہے جس کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں