قیمتوں میں اچانک اضافہ اسٹیل اور سیمنٹ کے کارٹلز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

مافیاز کو چھوٹ دی گئی تو وزیراعظم کا 50 لاکھ سستے گھروں کی فراہمی کا خواب پورا ہونے میں مشکلات پیش آئیں گی، چیئرمین


Staff Reporter December 22, 2020
مافیاز کو چھوٹ دی گئی تو وزیراعظم کا 50 لاکھ سستے گھروں کی فراہمی کا خواب پورا ہونے میں مشکلات پیش آئیں گی، چیئرمین (فوٹو : فائل)

لاہور: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) نے اسٹیل بار اور سیمنٹ کی قیمتوں میں اچانک اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کونیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم اور ملکی معیشت کو تباہ کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔

آباد کے چئیرمین فیاض الیاس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹیل اور سیمنٹ مینوفیکچررز کے کار ٹیل کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اسٹیل اور سیمنٹ کی تیاری میں استعمال ہونے والا خام مال سستا ہونے کے باوجود اسٹیل بار اور سیمنٹ مینوفیکچررز کارٹل نے من مانی کرتے ہوئے اسٹیل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے اسٹیل بار کی فی ٹن قیمت 1 لاکھ 26 ہزار 5 سو روپے جبکہ سیمنٹ کی قیمتوں میں بھی بناہ اضافہ کرکے 50 کلو گرام کے بیگ کی قیمت 625 روپے کردی ہے۔

آباد کے چیئرمین نے کہا ک کارٹیل کا یہ اقدام لاکھوں افراد کو روزگار دینے والے تعمیراتی شعبے کوتباہ کرنے کے مترادف ہے، کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر میں مجموعی لاگت کا 60 فیصد حصہ اسٹیل اور سیمنٹ کا ہے جبکہ رہائشی منصوبوں میں یہ تناسب 30 تا 40 فیصد ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ اسٹیل بار اور سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافے کا مطلب لاگت میں اضافہ ہے جس سے سب سے زیادہ متاثر گھر خریدنے والا عام خریدار ہوگا، اسٹیل اور سیمنٹ کارٹیل کو کھلی چھوٹ دی گئی تو وزیراعظم عمران خان کا 50 لاکھ سستے گھروں کی فراہمی کا خواب پورا کرنے میں بھی مشکلات ہوں گی۔