قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل کل سے شروع

 جمعرات 31 دسمبر 2020
فاتح ٹیم وننگ ٹرافی کے ساتھ ایک کروڑروپے کا انعام بھی حاصل کرے گی

فاتح ٹیم وننگ ٹرافی کے ساتھ ایک کروڑروپے کا انعام بھی حاصل کرے گی

ملک کے سب سے بڑے ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹ قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل جمعہ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی پرشروع ہورہا ہے۔

ملک کے سب سے بڑے ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹ قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل جمعہ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی پرشروع ہورہا ہے، 5 روزہ فائنل میں دفاعی چیمپیئن سینٹرل پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں کےدرمیان دلچسپ اورسنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے۔

فاتح ٹیم وننگ ٹرافی کے ساتھ ایک کروڑروپے کا انعام بھی حاصل کرے گی جبکہ رنر اپ ٹیم کو50 لاکھ روپے بطورانعام دیے جائیں گے،مین آف دی فائنل، بہترین بیٹسمین، بہترین بولر، بہترین وکٹ کیپر اور مین آف دی ٹورنامنٹ کو فی کس 50 ہزار روپے بطور انعام دیا جائے گا،دریں اثنا دونوں ٹیموں نے جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم میں  الگ الگ پریکٹس سیشن میں حصہ لیا.

دفاعی چیمپئن سنٹرل پنجاب کے کپتان حسن علی کا کہنا ہے کہ ہم اپنی کامیابی کے لیے بہت پرجوش اوراپنے آغاز کے کامیاب دفاع کے لیے پرعزم ہیں،سینٹرل پنجاب کی ٹیم بیٹنگ میں عثمان صلاح الدین ،محمد سعد اور سعدنسیم پر انحصار کرے گی جبکہ بولنگ میں خود کپتان حسن علی کے ساتھ وقاص مقصود، اسپنر احمد عبداللہ صافی سے بہتر توقعات ہیں.

دوسری جانب پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آنے  والی خیبر پختونخوا  کے کپتان خالد عثمان کا کہنا ہے کہ اپنی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقراررکھتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے، کے پی کے کو کامران غلام،عادل امین اللہ اور ریحان آفریدی جیسے بیٹسمینوں کا ساتھ رہے گا۔ اسپنرساجد خان بولنگ میں امیدوں کا مرکز جبکہ کپتان  خالد عثمان اور عرفان اللہ خان سے بھی اچھی توقعات وابستہ ہیں۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے 10 ویں اور آخری راؤنڈ کےاختتام پرخیبر پختونخواہ نے161پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہ کر اورسنٹرل پنجاب نے 137پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پاکر فائنل میں رسائی پائی، سدرن پنجاب (129) تیسرے، بلوچستان(128) چوتھے، نادرن پنجاب(123) پانچویں اور سندھ (87) چھٹے اورآخری نمبر پررہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔