وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا آئمہ مساجد کو ماہانہ اعزازیہ دینے کا اعلان

شاہد حمید  منگل 5 جنوری 2021
صوبے کے 22 ہزار آئمہ مساجد کو 10 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے  فوٹو: فائل

صوبے کے 22 ہزار آئمہ مساجد کو 10 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے فوٹو: فائل

 پشاور: وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے بھر کے آئمہ کرام کو اعزازیہ دینے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلی محمود خان کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تقریبا 22 ہزار آئمہ مساجد کو 10 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا۔ ان اعزازیوں پر ماہانہ تقریبا 22 کروڑ 72 لاکھ جبکہ سالانہ ڈھائی ارب سے زائد خرچ کئے جائیں گے۔

وزیراعلی کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں ضم قبائلی اضلاع کے ائمہ مساجد کو بھی اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محمود خان نے ہدایت کی کہ اگلے مالی سال کے آغاز سے آئمہ کرام کو اعزازیوں کی فراہمی کے لئے تمام تر انتظامات ہر لحاظ سے مکمل کئے جائیں۔

محمود خان نے یہ بھی ہدایت کی کہ صوبے بھر کے مساجد اور مدارس کو شمسی توانائی کی فراہمی کے علاوہ ان کی دیگر ضروریات بھی ترجیحی بنیادوں پر پورے کی جائیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔