روحانی دوست

صائم المصطفیٰ صائم  اتوار 10 جنوری 2021
علمِ فلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ سال۔

علمِ فلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ سال۔

صائم المصطفے صائم
واٹس اپ (0333-8818706)
فیس بک (Saim Almustafa Saim)

علمِ فلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ سال

برج حمل
سیارہ مریخ،21 مارچ تا20اپریل
مشتری اور زحل سارا سال تقریباً آپ کے گیارہویں امید اور راہو تیسرے سفر اور رابطوں کے گھر براجمان رہیں گے۔

جنوری کے دوسرے عشرے میں مالی فائدہ ہونے کے امکانات ہیں۔ جنوری 15 سے فروری 15 کے درمیان حالات بہت ہی شان دار ہونے کی امید ہے لگتا ہے یہ ایام آپ کی زندگی کے حسین ترین دن ہوسکتے ہیں۔ پیسے کے معاملے پر کچھ لوگوں معاملہ خراب ہوسکتا ہے لیکن مجموعی طور پر حالات آپ کے حق میں ہیں۔

مارچ میں بچے، ساتھی اور آپ کی صحت اور تعلقات میں خرابی کا اندیشہ ہے سفر کا امکان ہے۔اپریل آپ کے مزاج میں تُندی لاسکتا ہے اور آپ اپنے امور میں خاصے پرجوش اور متحرک نظر آتے ہیں۔مئی میں کیریر اور بنیادی پلانز میں تبدیلی کا امکان ہے۔ مالی فائدہ ہوتا دکھائی دیتا ہے۔بچوں اور ساتھی کے ساتھ کچھ ان بن یا ان کی صحت کی خرابی کا اندیشہ ہے رابطے۔ بڑھیں گے۔ جون اور جولائی مئی کے امور کا تسلسل ہی لگتا ہے اپ ڈاؤن جاری رہے گا۔اگست میں آپ کی توجہ اپنی صحت اور کام کاج پر رہے گی۔ ستمبر کے آخر میں آپ کا سیارہ کم زور رہے گا۔ اس وقت پبلک ڈیلنگ میں۔ محتاط رہیں فراڈ کا اندیشہ ہے۔اکتوبر سے دسمبر آخر تک خطرات میں سوچ سمجھ کے کو دیں، حالات آپ کی توقع کے برعکس بھی ہوسکتے ہیں۔

برج ثور
سیارہ زہرہ،21اپریل تا 20 مئی

سارا سال مشتری اور زحل آپ کے وقار اور دانش مندی کو بڑھانے کے لیے دسویں گھر اور راہو جیب گرم کرنے کے لیے دوسرے گھر براجمان رہے گا۔

جنوری آتے ہی آپ کی ذہنی الجھن دور ہوجائے گی اور خوش قسمتی آپ کا ساتھ دے گی۔ لمبے منصوبے اور دورپار سے تعلقات اور سفر کے دروازے کھلیں گے۔ بیرون ملک سے رابطے اور ان سے مالی فائدہ!
فروری کے مہینے میں آپ کی زندگی میں نہایت اہم واقعات اور تبدیلیوں کے امکانات ہیں۔ ایک ہی وقت چھ سیارگان کی روشنی آپ کی جیب، بزنس، جاب گھر اور عزت ووقار کو چار چاند لگاسکتی ہے۔مارچ بھی فروری کا تسلسل لگتا ہے لیکن ممکن ہے کچھ کام یابیاں ملنے میں مسائل پیدا کریں محتاط رہیں۔اپریل کے درمیانی عرصے میں آپ مالی حوالے سے کچھ نئی راہوں کا انتخاب کرسکتے ہیں۔مئی مالی فائدے دے سکتا ہے، قریبی لوگوں کے ساتھ تعلقات میں محتاط رہیں۔ جون اور جولائی میں گھر کا ماحول خرابی کی خبر دیتا ہے۔ والدین کی صحت کا خیال رکھیں۔اگست میں بچوں کی صحت کا خیال رکھیں، نیا تعلق بن سکتا ہے۔ ستمبر میں اخراجات بڑھ سکتے ہیں۔ آپ کا سیارہ کم زور رہے گا اس لیے اہم فیصلوں سے گریز کریں۔ اکتوبر میں کسی طرح کا کوئی رسک نہ لیں۔نومبر اور دسمبر اچھے مہینے ثابت ہوسکتے ہیں اور یہ وقت مقدر آپ کا ساتھ دے گا۔

برج جوزا
سیارہ عطارد،21مئی تا 21 جون

مشتری اور زحل ایک سال کے لیے باہر کے سفر، مذہب، اعلٰی تعلیم اور خوش قسمتی کے گھر اور راہو آپ کے پہلے گھر براجمان رہے گا۔

آپ کی تعلیم مکمل ہوگی، آپ کی ذہانت میں نکھار اور قسمت میں بلندی آئے گی۔ ایک نامعلوم تحریک ہر لمحہ آپ کو آگے بڑھنے پر اکسائے گی اور کام یابی آپ کے قدم چومے گی۔

پہلے سے جاری تعلق ٹوٹ سکتا ہے۔ کوئی نیا اور باہر یا دور سے کوئی نیا تعلق بن سکتا ہے۔

جنوری اور فروری دونوں اہم ترین مہینے ہوسکتے ہیں۔آپ بڑے فیصلے کرتے نظر آتے ہیں۔مارچ اور اپریل میں آپ کے اندر ایک نیا جوش وولولہ پیدا ہوگا جو آپ کے روابط اور تعلقات کو بڑھائے گا اور آپ عملی میدان کے ہیرو بنتے نظر آتے ہیں۔

مئی اور جون میں کسی دشمن کا منصوبہ آپ کو نقصان دینے کا ہے جو کام یاب ہوسکتا ہے آپ محتاط رہیں۔جون اور جولائی اچھے مہینے ہیں اور آپ کو کئی طرح کے فائدے ہوسکتے ہیں۔اگست میں کیریر کے حوالے سے بہتر فیصلے ہوسکتے ہیں۔ستمبر میں مزاج میں خوشی آئے گی، اس کی وجہ کوئی محبوب شخصیت بھی ہوسکتی ہے۔ اکتوبر میں نئے تعلق نئی محبت کی بنیاد پڑسکتی ہے۔نومبر اور دسمبر کسی فریب کا اندیشہ ہے محتاط رہیں۔

برج سرطان
سیارہ قمر،22جون تا 23 جولائی
مشتری اور زحل آپ کے آٹھویں گھر (موت، حادثہ، اچانک رونما ہونے والے امور، وراثتی امور، خاندانی بیماریاں، پرانے مسائل، اچانک کوئی خزانہ مل جانا، تحقیق، ریسرچ، لاٹری، شریکِ حیات کی دولت اور نئی زندگی) جب کہ راہو آپ کے بارھویں گھر (تنہائی، قید، بیرون ملک کے امور، ہاسپیٹل، خفیہ جگہیں، سونے والا کمرا، وغیرہ) اور کیتو آپ کی جاب اور ورکنگ پلیس پر رہے گا۔

جنوری اور فروری یا تو آپ کے لیے بے حد شان دار وقت ہوسکتا ہے یا بالکل الٹ!

اس کا انحصار آپ کے پیدائشی چارٹ پر ہے اگر آپ کے سیارے سعد ہیں تو معاملات حمایت میں ہوں گے اور ایسے ہوں گے کہ عمر بھر کے لیے یادگار ہوجائیں گے۔

مارچ اور اپریل کام کی زیادتی ہوگی اور حالات میں ایمرجینسی جیسا حال رہ سکتا ہے

جاب کے جانے کا اندیشہ ہے۔مئی اور جون میں جاب اور زندگی میں ایک نئی راہ نکلتی نظر آتی ہے لیکن یاد رہے یہ ایک وقتی معاملہ ہوسکتا ہے۔ ابھی خرابیاں اور بھی ہوں گی، مئی میں کوئی اہم شخص آپ کی لائف میں آسکتا ہے۔جولائی میں اچانک مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔

اگست تا دسمبر آخر مشتری جاب سے غیرمتوقع فائدے دلاسکتا ہے، کیریر میں تبدیلی کا امکان روشن ہے۔شادی کے امکانات کم ہی ہیں، اگر ہوتی بھی ہے تو نارمل حالات میں نہیں ہوگی، کچھ نہ کچھ مسائل ضرور ہوں گے، اس لیے شراکت اور شادی دونوں معاملات میں کوئی قدم اٹھانے سے پہلے کسی ماہر علم فلکیات سے مشورہ کرلیں۔

برج اسد
سیارہ شمس،24جولائی تا 23 اگست
مشتری اور زحل شراکت، عوامی رابطوں، مارکیٹ، پسند کی شادی، سفر اور راہو امید اور خواہشات کے خانے میں جب کہ کیتو اولاد اور محبت کے خانے میں رہے گا۔

مشتری اور زحل تعلقات اور اس میں ٹھہراؤ لائے گا، جب کہ راہو تعلقات میں اضافہ، خواہشات میں شدت اور اضافہ جب کہ کیتو محبت میں خرابی، اولاد کی صحت میں خرابی اور تخیلاتی دنیا میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

جنوری اور فروری میں شراکت کے نئے راستے کھلیں گے۔ شادی کے واضح امکانات ہیں لیکن مریخ کی نحس نظر کچھ مسائل بھی پیدا کرسکتی ہے۔ دوسرے تعلق یا شادی والے احباب کو پہلے سے قائم تعلقات کی جانب سے مخالفت کا اندیشہ ہے۔

مارچ اور اپریل میں گذشتہ ماہ کی پیدا شدہ خرابیوں اور مسائل کا حل نکل آئے گا۔ اس میں کسی بزرگ کا کردار ہوسکتا ہے۔ ویسے بھی یہ مہینے آپ کی خوش قسمتی کو چمکانے والے ہیں۔

مئی اور جون کا وسط کچھ مشکل وقت ہوسکتا ہے۔جون وسط سے اگست تک ایک بہترین وقت ہوسکتا ہے جو آپ کے امور میں کام یابی کے در کھول دے گا۔

اگست تا نومبر تھوڑے بہت مسائل کے ساتھ اچھا وقت ہے نئے رابطے نئے لوگ زندگی میں داخل ہوسکتے ہیں۔نومبر اور دسمبر میں کچھ مشکلات کا امکان ہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد،24 اگست تا 23 ستمبر
مشتری اور زحل بزنس، جاب، کام کاج، صحت اور رکاوٹ کے گھر جب کہ راہو عزت و وقار اور کیتو رہائش کے مقام پر براجمان رہے گا۔

مشتری اور زحل پراپرٹی اور شراکت سے فائدہ لائے گا، کام بڑھائے گا صحت متاثر کرسکتا ہے، جب کہ راہو عزت و وقار مین الجھاؤ اور شخصیت میں شکوک وشبہات لاسکتا ہے، جب کہ کیتو گھر میں خرابی، معدے کے مسائل، والدہ کی صحت میں خرابی لائے گا۔

جنوری اور فروری ایک اہم وقت ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے کسی ڈیل کے نتیجے میں کوئی مالی فائدہ ہو، لیکن اسی وقت مریخ کی خراب نظر معاہدوں میں خرابی بھی لاسکتی ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ تمام پہلوؤں پر غور وفکر کرکے چلیں ورنہ مشکل ہوسکتی ہے۔

مارچ اور اپریل میں کچھ مسائل اور غیرمتوقع مالی فائدہ ممکن ہے۔

مئی اور جون مارچ کا تسلسل لگتا ہے۔ مالی فائدہ ہوگا کیریر میں تبدیلی بھی ہوسکتی ہے۔ جون اور جولائی اخراجات بڑھیں گے لیکن یہ اخراجات آپ کی فیملی اور پرانے امور پر ہوسکتے ہیں۔اگست میں پرانے مسائل اور صحت کی خرابی کا اندیشہ ہے، بیرون ملک سے فائدہ اور کام میں بہتری کا امکان ہے۔ستمبر اور اکتوبر میں مالی نقصان کا بے تحاشا خرچہ ہوسکتا ہے۔نومبر اور دسمبر میں مکان سے متعلق کوئی پریشانی، قریبی عزیز کی بڑی خبر یا گھر میں کوئی الجھن ہوسکتی ہے صدقہ لازم دیں۔

برج میزان
سیارہ زہرہ،24 ستمبر تا 23اکتوبر
سارا سال مشتری اور زحل محبت، اولاد، تخلیقی صلاحیت اور خوشیوں جب کہ راہو لمبے سفر، والدین، بزرگ اور مذہب اور کیتو سفر، سوچ سمجھ اور عزیزوں کے خانے میں رہے گا۔

جنوری کا آخر اور فروری کی ابتدا ایسا لگتا ہے ساری روشنی آپ کی محبت اور خوشیوں کے خانے میں لگ رہی ہے۔

کئی نئے چہرے آپ کی زندگی میں آسکتے ہیں۔ اولاد کی خوشی مل سکتی ہے۔ ایک سنہری دور شروع ہوسکتا ہے۔

یہیں پر مریخ ان امور میں بری نظر بھی ڈال رہا ہے۔ کچھ غیرمتوقع خرابیاں بھی ہوسکتی ہیں۔

مارچ اور اپریل فروری کے بگاڑ کو سدھار میں بدل سکتے ہیں یا کوئی نئے سلسلے شروع ہوسکتے ہیں۔ فروری میں شور زیادہ تھا لیکن سنجیدگی کم یہاں کہانی اس کے بالکل الٹ نظر آتی ہے۔

مئی، جون اور جولائی کیریر اور جاب سے حصولِ آمدن کے لیے خاصے سرسبزوشاداب دکھائی دیتے ہیں۔

اگست تعلقات میں خرابیاں لائے گا لیکن آپ کی ذات پر کوئی بڑا اثر نہیں ہوگا کیوںکہ زہرہ آپ کا ذاتی سیارہ طاقت میں ہوگا۔

ستمبر اور اکتوبر میں پھر وہی کہانی محبت بڑی دیوانی کی دہرائی جاسکتی ہے۔ نومبر میں کوئی فیصلہ سوچ سمجھ کے لیں کوئی غلطی ہوسکتی ہے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو،24 اکتوبر تا 22 نومبر
مشتری اور زحل سارا سال آپ کی رہائش، والدہ، ذاتی مکان، سُکھ، بنیادی عقل اور فیصلوں کی صلاحیت جب کہ راہو وراثتی فائدے نقصان اور کیتو آپ کی جیب پر قبضہ جمائے رکھے گا۔

جنوری میں خرچہ یا نقصان ہوسکتا ہے لیکن 15 جونری سے 15 فروری کے درمیانی عرصے میں چوتھے گھر سیاروں کا جمگھٹا آپ کی زندگی میں اہم اور بنیادی فیصلے کروانے آرہے ہیں۔ آپ کا کیریر تبدیل ہوسکتا ہے۔

مارچ اور اپریل چھٹے گھر میں سیارگان آپ کی جاب میں کچھ رکاوٹیں اور آپ کی ذات میں ایک نیا جوش یہ سب رہے گا۔ لگتا ہے آپ کچھ نیا کرنے جارہے ہیں جس میں ظاہر ہے مسائل تو ہوتے ہی ہیں۔

مئی اور جون میں جذباتی پن اور شارٹ کٹ سے بچیں اس وقت میں مقدر ساتھ دے گا لیکن کچھ ناجائز راہیں بھی آپ کو اپنی سمت کھینچ سکتی ہیں۔

جولائی اور اگست بے انتہا اچھے مہینے ہیں۔ آپ کی مسلسل محنت رنگ لائے گی اور آپ اپنا ہدف حاصل کرلیں گے۔

ستمبر اور اکتوبر کوئی شخص آپ کو کم فائدہ دے کر بڑا نقصان دینے کی کوشش کرسکتا ہے۔

نومبر اور دسمبر آپ کو اس سال کے تجربات کی روشنی میں نئے اور ضروری فیصلوں تک لائے گا جو کہ آپ کے مستقبل کی مضبوط عمارت کی بنیاد رکھیں گے۔

برج قوس
سیارہ مشتری،23 نومبرتا 22 دسمبر
سارا سال مشتری اور زحل آپ کے سفر، عزیزوں اور رابطوں جب کہ راہو شراکت اور ازدواجی خانے اور کیتو طالع یعنی پہلے گھر رہے گا۔

سنجیدہ رابطے اور سفر ہوں گے، رابطوں میں مذہبی لوگ زیادہ ہوسکتے ہیں، راہو آپ کے تعلقات میں گرم جوشی اور بہتری لائے گا جب کہ آپ کا مزاج قدرے اکتایا ہوا رہ سکتا ہے۔

جنوری وفروری نئی جاب یا نئے معاہدوں یا سفر کے حوالے سے کافی گرم جوشی ہوسکتی ہے لیکن ممکن ہے کسی وجہ سے معاملہ ہوتے ہوتے تاخیر یا خرابی کا سبب بن جائے محتاط رہنا ہوگا اور حالات پر قابو پانے کی کوشش کیجیے۔

بچوں کی صحت کا خیال رکھیں۔
مارچ اور اپریل التوا میں پڑے امور کو ہنگامی بنیادوں پر حل کے اسباب بنادے گا اور کئی مشکلات حل ہوجائیں گی۔
مئی تا اگست حالات درمیانے اور آپ کی حمایت میں رہنے کا امکان ہے۔
اگست تا ستمبر ترقی یا کیریر میں بہتری اور مالی فوائد کی امید ہے۔
اکتوبر تا آخر دسمبر آپ کی مشقت کا انعام ملنے کا وقت ہوگا اور حالات میں آپ کی توقع سے بڑھ کے بہتری کا امکان ہے۔

برج جدی
سیارہ زحل،23 دسمبر تا 20 جنوری
مشتری وزحل سارا سال آپ کی آمدن کے خانے جب کہ راہو جاب، صحت اور کیتو اخراجات کے خانے میں رہے گا۔
جنوری و فروری میںآپ کی مالی پوزیشن بہت اچھی ہوسکتی ہے۔ غیرمتوقع مالی فائدہ مل سکتا ہے۔

مارچ و اپریل کام بڑھ جائے گا اور کچھ مشکلات بھی ممکن ہیں۔

مئی اور جون میں کچھ لوگ معاہدوں اور وعدوں سے مکر کے آپ کے منصوبوں میں خرابی کرسکتے ہیں۔

اس کے بعد اگست تا آخر دسمبر ایسا وقت نظر آتا ہے جو آپ کے لیے کافی اچھی خبریں لاسکتا ہے۔ وراثتی امور میں کام یابی بھی ہوسکتی ہے۔

برج دلو
سیارہ یورنیس،21 جنوری تا 19 فروری
سارا سال مشتری وزحل پہلے خانے جب کہ راہو اولاد اور خوشیوں کے جب کہ کیتو امید کے خانے کو متاثر رکھے گا۔
جنوری اور فروری ایسے مہینے ہیں جو آپ سے زندگی کے اہم ترین فیصلے کروائیں گے اور آپ ایک نئے دور میں داخل ہوجائیں گے۔ کچھ قریبی لوگ اس معاملے میں ٹانگ بھی اڑانے کی کوشش کریں گے۔

اپریل اور مئی آپ کو خدا اولاد کی خوشی دے سکتا ہے یا آپ کی زندگی میں کوئی نیا تعلق استوار ہوسکتا ہے۔

اگست میں شادی کا امکان ہے۔

ستمبر میں کوئی بڑی خوشی مل سکتی ہے جس کا تعلق بیرون ملک اور آپ کی آمدن سے ہوسکتا ہے۔

اکتوبر میں کاموں میں کام یابی آسانی سے نہ ہوگی۔
نومبر میں آپ کی ترقی اور حالات میں بہتری کی امید ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون،20 فروری تا 20 مارچ
مشتری وزحل بارھویں گھر (قید، تنہائی، ہاسپٹل یا لوگوں سے دوری، بیرون ملک رہائش) راہو چوتھے اور کیتو وقار کے خانے میں رہے گا۔

جنوری فروری بیرون ملک قیام اور رہائش کا امکان ہے۔

اگر صحت خراب ہوئی تو اسپتال جانا ایسا ہوسکتا ہے یا پھر دنیا سے طبعیت اکتائی سی ہوسکتی ہے۔ ایسے وقت میں اغوا اور گم شدگی کے خطرات بھی ہوسکتے ہیں۔
اپریل میں ڈوبی ہوئی رقم یا وراثتی معاملہ آپ کے حق میں ہوسکتا ہے۔
مئی کے وسط میں بڑا معاہدہ یا مالی فائدہ ممکن ہے۔
جولائی کے آخر یا اگست کے شروع میں جاب مل سکتی ہے۔
اکتوبر میں ازدواجی امور میں خرابی اور تعلقات میں بگاڑ آسکتا ہے۔ تلخی سے اجتناب برتیں۔
دسمبر میں جاری جاب میں کوئی الجھن ہوسکتی ہے۔
محتاط رہیں یہ سال خاصا مشکل ہوسکتا ہے لیکن یہ سب دنیاوی امور کے لیے ہے، روحانی امور کے لیے یہ ایک سنہری دور ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔