نیوزی لینڈ میں ’سی لائن‘ کے تحفظ کے لیے سڑک ایک ماہ کے لیے بند

ویب ڈیسک  جمعـء 15 جنوری 2021
ڈیونیڈن شہر میں یہ روڈ نایاب جانوروں کے لیے بند کیا گیا ہے جن کی نسل خیزی کا وقت شروع ہوگیا ہے (فوٹو: ڈیونیڈن وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ)

ڈیونیڈن شہر میں یہ روڈ نایاب جانوروں کے لیے بند کیا گیا ہے جن کی نسل خیزی کا وقت شروع ہوگیا ہے (فوٹو: ڈیونیڈن وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ)

ڈیونڈن: نیوزی لینڈ میں ساحل کنارے مصروف سڑک کو ایک ماہ کے لیے بند کردیا گیا تاکہ سی لائن اور ان کے بچے آسانی سے اپنے گھر اور ساحل تک آمدورفت جاری رکھ سکیں۔

ہر سال جنوری میں ان نایاب ترین سی لائن کی نسل خیزی کا دورانیہ جاری رہتا ہے اور سینٹ کلڈا ساحل پر سی لائن کی آمدورفت جاری رہتی ہے۔ ڈیونیڈن شہر میں جنگلی حیات کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس سال دس مادائیں دیکھی گئی ہیں اور مزید دس مادائیں بھی اپنی نسل خیزی کے لیے ساحل کا رخ کریں گی۔

جان ولسن اوشن ڈرائیو نامی روڈ کو بھی بند کیا گیا ہے جہاں ایک مادہ اور اس کے بچے نے گالف کلب کے گھنے گوشے میں اپنا گھر بنایا ہے۔ اب اس کی ماہ روزانہ 500 میٹر دور ساحل تک جاکر غذا تلاش کرے گی اور ایک ماہ بعد وہ اپنے بچے کو لے کر سمندر میں اترجائے گی۔

اس کے علاوہ کئی اور مادہ سی لائن اپنے بچے کے لیے روزانہ سمندر تک جائیں گی اور یوں سمجھیے کہ اوسطاً 20 سے 25 ماداؤں اور ان کے بچوں کے لیے پورا روڈ بند کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی سی لائن دنیا بھر میں نایاب ہیں اور ان کی بہت تھوڑی تعداد ہی زندہ ہے جنہیں بڑھانے کی سر توڑ کوشش کی جارہی ہے۔

محکمہ جنگلی حیات نے کہا ہے کہ لوگوں کو سائیکل اور پیدل جانے کی اجازت ہے لیکن وہ اپنے پالتو کتوں کو ساتھ نہ لے جائیں کیونکہ وہ سی لائن پر چھپٹتے ہیں اور انہیں خوف زدہ کرسکتے ہیں لیکن لوگوں کو سی لائن سے 20 میٹر دور رہنے کی ہدایت ہے کیونکہ وہ ایک حساس جانور ہے۔

واضح رہے کہ ڈیونیڈن نیوزی لینڈ کا دوسرا بڑا شہر ہے جس کی آبادی ایک لاکھ 20 ہزار کے قریب ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔