اداکار حرا مانی کا پہلا ہی گیت عوام میں مقبول

ویب ڈیسک  جمعـء 15 جنوری 2021
حرا مانی کے گیت کی ویڈیو کو محض ایک دن میں 83 ہزار سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ فوٹو:فائل

حرا مانی کے گیت کی ویڈیو کو محض ایک دن میں 83 ہزار سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ فوٹو:فائل

 کراچی: ڈرامہ اداکارہ حرا مانی نے اپنے پہلے ہی گیت ’ سواری‘ سے مقبولیت حاصل کرلی۔

ڈراموں ’’یقین کا صفر‘‘، ’’دل موم کا دیا‘‘، ’’آنگن‘‘، ’’دو بول‘‘ اور ’’میرے پاس تم ہو‘‘ جیسے سپرہٹ ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ حرا مانی نے گلوکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے اور وہ پہلے ہی گانے سے صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

حرا مانی نے ثابت کردیا کہ وہ نہ صرف بہترین اداکارہ ہیں بلکہ سریلی آواز کی مالک بھی ہیں۔ جس کا اندازہ آج ریلیز ہونے والے گیت سے لگایا جا سکتا ہے۔ کشمیر بیٹ کی جانب سے اداکارہ کا پہلا ویڈیو گیت ’سواری‘ جاری کر دیا گیا ہے جس میں حرا گیت گاتے ہوئے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔

گیت ’ سواری ‘ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 4 منٹ 20 سیکنڈ کی اس ویڈیو کو محض ایک دن میں 83 ہزار سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ صارفین کی جانب سے اس ویڈیو کے لیے مثبت ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔

صارف نے ویڈیو پر تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ویڈیو میں حرا کے تاثرات قابل دید ہیں اور گیت بھی تفریح سے بھرپور ہے۔

معیز پراچہ نے لکھا کہ حرا مانی گلوکاری کا اچھا تجربہ ہے اس لیے انہیں اس گانے میں زیادہ محنت کرنا نہیں پڑی لیکن جو انہوں نے گایا وہ بہترین ہے۔

عثمان جمیل نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین نہیں ہو رہا کہ یہ حرا کی اپنی آواز ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔