جی ایس پی پلس حکومت ٹیکسٹائل سہولتی مرکز بنارہی ہے

ویلیو چین کو ترقی دیں گے، ایف بی آر سسٹم کو آسان بنانے کیلیے ایس آر او جاری کرے گا


Khususi Reporter January 01, 2014
ویلیو چین کو ترقی دیں گے، ایف بی آر سسٹم کو آسان بنانے کیلیے ایس آر او جاری کرے گا۔ فوٹو: فائل

وزیرمملکت برائے تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس سے ٹیکسٹائل انڈسٹری مزید ترقی کرے گی اور ٹیکسٹائل برآمدات میں 38فیصد اضافہ ہوگا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی27منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات بغیر ڈیوٹی کے پہنچ سکیں گی جس سے آئندہ سال میں ملکی برآمدات میں 1 ارب 17کروڑ ڈالر کا اضافہ متوقع ہے، پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ 10سال کے لیے دیا گیا ہے، 31 دسمبر 2023 تک حاصل ہونے والی اس سہولت سے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں نئے باب کا اضافہ ہوگا، اس اقدام سے حکومت کے ''امدادنہیں تجارت'' کے نعرے کو حقیقی شکل ملی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ٹیکسٹائل سیکٹر کو مزید وسعت دیں۔ اس موقع پر سیکریٹری ٹیکسٹائل رخسانہ شاہ نے بتایاکہ اس اسکیم سے پورے خطے میں تجارت کو فروغ حاصل ہوگا، پاکستان اپنے ہمسائیہ ممالک سے مصنوعات خرید کرویلو ایڈیشن کے بعد یورپی یونین کو برآمد کرسکتا ہے، جی ایس پلس سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے ٹیکسٹائل فسیلی ٹیشن سینٹر قائم کیا جارہا ہے جس میں تمام اہم وزارتوں کے نمائندوں سمیت ایف بی آر کے حکام بھی شامل ہونگے۔

اس کے علاوہ مصنوعات کے معیار میں بہتری ویلیو چین کی ترقی اور ویلیو ایڈیشن کے فروغ کے لیے اقدامات بھی کیے جارہے ہیں، پرال کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ ہر ہفتے یقینی بنائی جائے گی، اس کے علاوہ ایف بی آر کی طرف سے ایک ایس آر او بھی جاری کیا جائے گا جس سے سسٹم کو مزید سہل بنایا جائے گا۔ انھوں نے بتایاکہ جی ایس پی پلس سے ٹیکسٹائل اور کلاتھنگ کی برآمدات میں38فیصداور پاکستان کی یورپی یونین کو مجموعی برآمدات میں 29فیصد اضافہ ہو گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 3 سال کے بعد سردیوں میں انڈسٹری کو گیس دی جارہی ہے۔ خرم دستگیر نے کہا کہ امریکا کے ساتھ جی ایس پی کا معاہدہ ختم ہوگیا ہے اور امید ہے کہ یہ جلد بحال ہو جائیگا، حکومت اکنامک ڈپلومیسی کے ذریعے نئے ایونیو تلاش کرلے گی۔ اس سے قبل وزیر مملکت تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ صدر مملکت ممنون حسین کو بھی پریزنٹیشن دی جس میں سیکریٹری تجارت قاسم ایم نیاز اور سیکریٹری ٹیکسٹائل انڈسٹری رخسانہ شاہ نے شرکت کی۔

مقبول خبریں