پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس بہت حساس، عوامی سطح پر سماعت نہیں ہوسکتی، الیکشن کمیشن

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 22 جنوری 2021
کمیٹی کی سفارشات دونوں پارٹیوں کو مہیا کریں گے، فریقین کی بحث سننے کے بعد کیس کا جلد میرٹ پر فیصلہ ہوگا، الیکشن کمیشن
 فوٹو:فائل

کمیٹی کی سفارشات دونوں پارٹیوں کو مہیا کریں گے، فریقین کی بحث سننے کے بعد کیس کا جلد میرٹ پر فیصلہ ہوگا، الیکشن کمیشن فوٹو:فائل

 اسلام آباد:  الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس بہت اہم اور حساس کیس ہے جب کہ اسکروٹنی کمیٹی کے اختیارات یا منصب ایک جے آئی ٹی کا ہے اس کی کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہو سکتی۔

الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی میں گزشتہ روز  پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر اور اسکروٹنی کمیٹی ممبران کے مابین ہونے والے تنازعہ کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کو تحقیقات مکمل کرنے کے لیے اپنی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں اسکروٹنی کمیٹی کی طرف سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس پر کارروائی جاری ہے، اسکروٹنی کمیٹی معاملہ پر اپنی جامع سفارشات  مرتب کر کے الیکشن کمیشن کو پیش کریگی، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس بہت اہم اور حساس مقدمہ ہے اور اس پر میرٹ پر فیصلہ قومی مفاد میں ہے۔

الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت  فریقین کے سامنے ہو رہی ہے، اسکروٹنی کمیٹی  کے اختیارات یا منصب ایک جے آئی ٹی کا ہے اس کی کارروائی عوامی سطح پر  نہیں ہو سکتی، الیکشن کمیشن کھلی سماعت میں سکروٹنی کمیٹی کی سفارشات دونوں پارٹیوں کو مہیا کرے گا اور دونوں اطراف کی بحث سننے کے بعد کیس کا جلد میرٹ پر فیصلہ کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔