ابراہیم حیدریچشمہ گوٹھ میں گینگ وار گروپوں میں فائرنگ سے3ملزم ہلاک

مقتولین کی شناخت 27سالہ عطا اﷲ ،30سالہ حامد موٹا اور 22سالہ عادل خٹک کے نام سے کر لی گئی


Staff Reporter January 03, 2014
22خاندان گروپ کے کارندوں نے مقتولین کو فائرنگ کرکے قتل کیا، پولیس،5مشتبہ افراد زیرحراست ۔ فوٹو : راشد اجمیری/ ایکسپریس

ابراہیم حیدری کے چشمہ گوٹھ میں لانڈھی گینگ وار 22خاندان گروپ نے مخالف ظہیر اگروپ کے 3کارندوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا ۔

پولیس نے 5مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے تہرے قتل کے حوالے سے تفتیش شروع کردی ، تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری کے علاقے چشمہ گوٹھ الیاس گوٹھ جت محلہ اور علی گوٹھ کے درمیان سے 3افراد کی لاشیں اور ایک شخص کے زخمی حالت میں پڑے ہونے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال منتقل کیا ، جہاں مقتولین کی شناخت 27سالہ عطا اﷲ ،30سالہ حامد عرف موٹا اور 22سالہ عادل خٹک ولد جمال بادشاہ کے نام سے کر لی گئی جبکہ زخمی کی شناخت دلبر کے نام سے کی گئی ، ایس ایچ او ابراہیم حیدری امان اﷲ مروت نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق جمعرات کے صبح تقریبا ساڑھے 4بجے مقتولین علی گوٹھ سے الیاس گوٹھ کی جانب جا رہے تھے کہ لانڈھی 22خاندان گروپ کے کارندوں نے مقتولین کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر دلبر زخمی ہو گیا ،پولیس کو صبح تقریبا ساڑھے 8بجے واقعے کی اطلاع ملی انھوں نے بتایا کہ مقتول عطااﷲ اور حامد عرف موٹا نے لانڈھی22خاندان گروپ کے منظور،اکبر سواتی سمیت 16سے زائد کارندوں کو دشمنی کی بنا پر قتل کیا تھا ۔



مقتول عطااﷲ اور حامد عرف موٹا قتل ، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں جیل کاٹ چکے ہیں جبکہ مقتول عادل بلوچ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں مختلف نوعیت کے مقدمات میں گرفتارکیا جاچکا ہے،حامد چند روز قبل ہی جیل سے ضمانت پر رہا ہوکر آیا تھا ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کے قبضے سے اسلحہ نہیں ملا لیکن پولیس کو جو ابتدائی اطلاعات موصول ہوئی تھیں اس کے مطابق دونوں گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس میں ظہیرا گروپ کے مذکورہ کارندے ہلاک ہوگئے ،ذرائع کے مطابق پولیس کو صبح 4 بجے اطلاع مل گئی تھی کہ مذکورہ علاقے میں دوگروپ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے لیکن پولیس خوف کے باعث فوری طور پر علاقے میں نہیں پہنچی پولیس جائے وقوعہ پر سورج طلوع ہونے پر پہنچی،پولیس اس حوالے سے لاعلمی ظاہر کررہی ہے، سب انسپکٹر محمد یعقوب کے مطابق پولیس نے5 زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر ان سے ظہیرا گروپ کے کارندوں کے قتل کے حوالے تفتیش شروع کر دی ہے ، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ لانڈھی گینگ وار 22خاندان گروپ کے خلاف درج کرلیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے تاہم کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی ۔