پی ایس ایل میں تماشائیوں کو میچز دیکھنے کی اجازت مل گئی

ویب ڈیسک / یوسف انجم  جمعرات 4 فروری 2021
 پی سی بی نے پہلے ہی ٹکٹوں کی فروخت کے لیے طریقہ کار تحت کرلیا ہے۔: فوٹو: فائل

پی سی بی نے پہلے ہی ٹکٹوں کی فروخت کے لیے طریقہ کار تحت کرلیا ہے۔: فوٹو: فائل

 لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں تماشائیوں کومحدود تعداد میں داخلے کی اجازت مل گئی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں تماشائیوں کومحدود تعداد میں داخلے کی اجازت مل گئی۔ فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پی سی بی نے پہلے ہی ٹکٹوں کی فروخت کے لیے طریقہ کار تحت کرلیا ہے۔  فیصلہ کیا گیا ہے کہ لیگ کے میچزکے دوران اسٹیڈیمز میں 20 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ ایونٹ 20 فروری سے 22 مارچ تک کراچی اور لاہور میں جاری رہے گا۔

فیصلے کے مطابق اب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کُل 7500 جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کُل 5500 تماشائی ٹکٹیں حاصل کرکے اسٹیڈیم میں بیٹھ کرلائیو ایکشن سے محظوظ ہوسکیں گے۔ اس دوران دونوں ادارے، این سی اوسی اورپاکستان کرکٹ بورڈ، مشترکہ طور پرصورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے، جس کے بعد غورکیا جائے گا کہ آیا تین پلے آف میچز اور فائنل کے لیے تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے یا نہیں۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے این سی او سی کو ایک تفصیلی بریفنگ دی تھی، جس میں واضح کیا گیا تھا کہ ایونٹ کے منتظمین اور پی سی بی، میچز کے دوران اسٹینڈز میں بیٹھے تماشائیوں سےحکومت کی جانب سے تیار کردہ کوویڈ 19 پروٹوکولز اور سماجی فاصلے کی ہدایات پر مکمل عمل کروائیں گے۔اب جبکہ این سی او سی نے لیگ کے دوران تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی ہے تو پی سی بی اپنی ٹکٹنگ پالیسی کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ این سی او سی کے مشکور ہیں کہ جنہوں نےمداحوں کو اسٹیڈیم میں بیٹھ کر براہ راست میچ دیکھنے کی اجازت دینے پر پی سی بی پراعتبار کیا، یہ پی سی بی کی بطور ادارہ کوویڈ 19 پروٹوکولز کی پاسداری کا منہ بولتا ثبوت ہےچیئرمین پی سی بی نے کہاکہ فینز کرکٹ بورڈ کا اثاثہ ہیں اور ان کی محدود تعداد میں بھی اسٹیڈیم آمد ایونٹ کو چار چاند لگا دے گی، انہیں معلوم ہے کہ محددتعداد میں داخلے کی وجہ سے ہر فین تو اسٹیڈیم میں نہیں آسکتا مگر ان کی محدود تعداد میں موجودگی بھی ایک مثبت اوردرست فیصلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اگر وہ تماشائیوں کی محدود تعداد میں اسٹینڈز میں آمد کے ساتھ ساتھ لیگ کو کامیابی سے منعقد کروالیتے ہیں تو انہیں رواں سال نیوزی لینڈ، انگلینڈ اورویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بھی تماشائیوں سے متعلق اپنا کیس مضبوط نظر آتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔