رواں سال گوادر پورٹ چینی کمپنی کے حوالے کردینگے کامران مائیکل

پورٹ قاسم پر550 میگاواٹ کا کول پاور پلانٹ18ماہ سے 2سال میںمکمل ہو گا


Business Reporter January 04, 2014
گہرے پانی کی بندرگاہ کامنصوبہ شفاف طریقے سے مکمل کیا جائیگا، میڈیا سے بات چیت۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

KARACHI: رواں سال گوادر پورٹ کنسیشن ایگریمنٹ طے کرنے والی چین کی ہولڈنگ کمپنی کے حوالے کردی جائے گی۔

پورٹ قاسم پر550 میگا واٹ کا کول پاور پلانٹ 18ماہ سے 2سال میں مکمل ہوگا جس سے علاقے کی صنعتوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جائیگی۔ یہ بات وفاقی وزیر جہازرانی وبندرگاہ کامران مائیکل نے گزشتہ روز پاکستان میرین اکیڈمی کی پاسنگ آئوٹ تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کی 5 برتھیں انسٹال کی جاچکی ہیں جو پوری طور فعال ہیں، روڈ راستوں اور انفرااسٹرکچر کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، 2014میں گوادر پورٹ مکمل طور پر فعال کردی جائیگی، ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلیے گوادر پورٹ اہم کردار ادا کریگی۔

 photo 2_zps87c2f494.jpg

وفاقی وزارت پورٹس اینڈ شپنگ کی اراضی پر قبضہ مافیا کے قبضے کے بارے میں ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ انسداد تجاوزات سیل فعال کردیا گیا ہے اور اب سرکاری اراضی پر کسی مافیا یا گروہ کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔ کراچی میں گہرے پانی کی بندرگاہ کی تعمیر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ گوادر کی بندرگاہ کی موجودگی میں گہرے پانی کی بندرگاہ کی تعمیر اتنی اہم نہیں تاہم کراچی میں ڈیپ واٹر پورٹ کی تعمیر کا کام 60فیصد تک مکمل ہوچکا ہے، اس منصوبے کو روکا یا ختم نہیں کیا جائیگا بلکہ شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا، پراجیکٹ کے بارے میں تحفظات، ڈریجنگ کے مسائل اور ماحولیاتی اثرات سے متعلق معاملات سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی میں زیر غور ہیں اور ماہر کنسلٹنٹ کو بلایا جارہا ہے۔

میرین اکیڈمی کے بارے میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 180ایکڑ رقبے پر محیط اس اکیڈمی کی زمین کو زیادہ موثر طریقے سے استعمال کیا جاسکتا ہے اس اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا سندھ حکومت کی معاونت سے چارٹر تیار کرکے اسمبلی کے فلور پر پیش کیا جائے گا تاکہ خطے میں پہلی میرین اکیڈمی بنائی جاسکے ورنہ اس شعبے میں اعلیٰ تعلیم کے لیے یورپ کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ بعد ازاں سینیٹر کامران مائیکل نے کیڈٹس میں اسناد تقسیم کیں جن میں تمغات اور تلوار بھی شامل ہیں، اکیڈمی سے اس سال 77ناٹیکل اور 71 انجینئرز کیڈٹس کو کراچی یونیورسٹی سے بی ایس سی میرین اسٹڈیز کی ڈگریاں دی گئی ہیں، بہترین کارکردگی پر کیڈٹ عرفان علی کو صدارتی گولڈ میڈل اور ضیغم حسن کو چیف آف نیول اسٹاف سلور میڈل دیا گیا۔