پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  جمعرات 11 فروری 2021
دوسری اننگز میں اوس پڑے گی لہذا اچھا ٹوٹل بنانے کی کوشش کریں گے، کپتان بابراعظم۔ فوٹو : ٹوئٹر

دوسری اننگز میں اوس پڑے گی لہذا اچھا ٹوٹل بنانے کی کوشش کریں گے، کپتان بابراعظم۔ فوٹو : ٹوئٹر

 لاہور: پہلے ٹی ٹوئنٹی میں  پاکستان نے جنوبی افریقا کو 3 رنز سے شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

لاہور میں کھیلے گئے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز جینمن ملن اور ریزا ہینڈرکس نے کیا، دونوں اوپنرز نے 53 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 44 کے انفرادی اسکور پر جینمن ملن عثمان قادر کی گیند پر بولڈ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد عثمان قادر نے جیکوس سینائمن کو بھی پویلین بھیج دیا۔

اوپنر ریزا ہینڈرکس نے قومی ٹیم کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی اور 54 رنز بنائے تاہم انہیں محمد رضوان نے رن آؤٹ کردیا جس کے بعد جنوبی افریقا کا کوئی بھی کھلاڑی قومی ٹیم کی بولنگ کے آگے کھڑا نہ ہوسکا اور مقررہ 20 اوورز میں مہمان ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی۔

https://twitter.com/ICC/status/1359875662849462275

اس سے قبل جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابراعظم نے کیا تاہم صرف ایک رن پر بابراعظم رن آؤٹ ہوگئے۔

کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان نے ٹیم کو سنبھالا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 64 گیندوں پر سنچری مکمل کی، محمد رضوان نے سات چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔

https://twitter.com/ICC/status/1359908146387554309

دوسری جانب محمد رضوان پاکستان کی طرف سے ٹی 20 میچ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے اور تینوں فارمیٹ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔