ڈرا سے بھی پاکستانی کپتان کو فتح جیسی خوشی مل گئی

بہترین نتیجہ یہی تھا،دونوں ٹیموں کی ہار جیت کا امکان ففٹی ففٹی رہا،مصباح الحق


AFP/Sports Desk January 05, 2014
پہلی اننگز میں سری لنکا کو جلد آؤٹ کرنے کا مطلب یہ نہیں تھا کہ ہم میچ بھی جیتیں گے۔فوٹو:فائل

QUETTA: پاکستانی کپتان مصباح الحق کو ابوظبی ٹیسٹ ڈرا ہونے سے بھی فتح جیسی خوشی مل گئی۔

انھوں نے کہا کہ اس میچ کا بہترین نتیجہ ڈرا ہی تھا، دونوں ٹیموں کی ہار جیت کا امکان ففٹی ففٹی رہا، پہلی اننگز میں سری لنکا کو جلد آئوٹ کرنے کا مطلب یہ نہیں تھا کہ ہم میچ بھی جیتیں گے، دبئی میں وکٹ مختلف ہوگی کامیابی کیلیے پوری کوشش کریں گے، انھوں نے ان خیالات کا اظہار پہلے ٹیسٹ کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ مصباح الحق نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایسا ہوتا ہے، پہلے 2روز ہماری برتری رہی مگر پھر سری لنکا نے کم بیک کیا، صرف اس لیے کہ وہ پہلی اننگز میں جلد آئوٹ ہوگئے تھے یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا کہ ہم میچ جیتیں گے، آئی لینڈرز نے حقیقت میں سخت فائٹ کی، آخری دن میچ دونوں ٹیموں کیلیے ففٹی ففٹی ہوگیا تھا۔

 photo 3_zpsd12d59b0.jpg

مصباح نے دوسری باری میں ناقص کارکردگی کے باوجود بولرز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پہلی اننگز میں ہماری بولنگ غیرمعمولی رہی، دوسری باری میں بھی کافی بہتر بولنگ کی،بولرز نے کافی محنت کی اور درست ایریاز میں گیندیں کیں مگر تمام کریڈٹ سری لنکن بیٹسمینوں کو جاتا ہے، وہ بہت اچھا کھیلے خاص طور پر میتھیوز دونوں اننگز میں بہتر رہے۔ مصباح نے تسلیم کیا کہ دوسرے ٹیسٹ سے قبل ٹیم کو کئی شعبوں میں بہتری درکار ہے، انھوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں 350 رنز پر 4 وکٹیں گری تھیں جبکہ 380 پر پوری ٹیم آئوٹ ہوگئی، اس طرح کی چیزوں کو ہمیں روکنا ہوگا، ہمیں اس اننگز میں 450 سے زائدرنز اسکور کرنا چاہیے تھے، دوسرے ٹیسٹ کی وکٹ قدرے مختلف ہوگی، ہم وہاں کامیابی کے لیے پوری کوشش کریں گے، یہاں آخری 2دونوں میں اسپنرز بہتر پرفارم نہیں کرپائے تاہم ہمارے لیے مثبت پہلو یہ ہے کہ بیٹسمین کافی پُراعتماد ہیں، حفیظ نے ون ڈے کی فارم کو ٹیسٹ میں بھی برقرار رکھا،احمد شہزاد نے بھی عمدہ بیٹنگ سے اعتماد حاصل کرلیا ہے۔