انگلینڈوائٹ واش کی گہری کھائی کے دہانے پر پہنچ گیا

سڈنی ٹیسٹ کی دوسری اننگزمیں آسٹریلیا کے 4 وکٹ پر140رنز،311کی سبقت


AFP/Sports Desk January 05, 2014
سڈنی ٹیسٹ: مچل جونسن کے بائونسر پر گیند انگلش بیٹسمین گیری بیلنس کے ہیلمٹ سے ٹکرانے کا منظر۔ فوٹو: پی اے فوٹوز

انگلینڈوائٹ واش کی گہری کھائی کے دہانے پر پہنچ گیا،آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 4 وکٹ پر 140 رنز بناکر 311 کی برتری حاصل کرلی۔

دوسرے دن کے اختتام پر کرس روجرز 73 پر ناقابل شکست تھے۔ اس سے قبل میزبان پیس اٹیک نے انگلش بیٹنگ لائن کو پھر مسل کر رکھ دیا،پوری ٹیم پہلی اننگز میں155 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی دوسری اننگز کے آغاز میں ڈیوڈ وارنر کو صرف 16 رنز پر جیمز اینڈرسن نے ایل بی ڈبلیو کیا، جلد ہی انھوں نے شین واٹسن کو بھی 9 کے انفرادی اسکور پر میدان بدر کردیا، کپتان کلارک بھی صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے،جب دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو آسٹریلیا نے اگرچہ 140 رنز پر چار وکٹیں گنوادی تھیں مگر پہلی اننگز میں برتری کی بدولت اسے انگلینڈ پر 311 رنز کی مجموعی سبقت حاصل ہوگئی، ابھی اس کی6 وکٹیں باقی ہیں، کرس روجرز 73 رنز پر ناقابل شکست تھے۔

 photo 4_zps61e21471.jpg

جارج بیلی 20 پر ناٹ آئوٹ رہے،اس سے قبل 8 رنز ایک وکٹ سے دن کا آغاز کرنے والی انگلش ٹیم کا اسکور جب 23 تک پہنچا تو 5 وکٹیں گرچکی تھیں۔ دن کی دوسری ہی گیند پر الیسٹرکک (7) کو ہیرس نے ایل بی ڈبلیو کردیا، نائٹ واچ مین جیمز اینڈرسن بھی7 رنز پر جونسن کا شکار بن گئے،کیون پیٹرسن (3) اور ای ین بیل (2) دہرے ہندسے میں رسائی کے بغیر بالترتیب ہیرس اور سڈل کی وکٹ بنے، گیری بیلنس کو 18 رنز پر ناتھن لیون نے کاٹ بی ہائنڈ کرایا، بیئر اسٹو(18) سڈل کی گیند پر بیلی کا کیچ بنے، بین اسٹوکس کو 47 رنز پر سڈل نے بولڈ کیا، براڈ 30 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، انگلینڈ کی اننگز 155 رنز پر سمٹ گئی، ہیرس، جونسن اور سڈل نے تین، تین وکٹیں لیں۔