ویزا پالیسی میں بڑی تبدیلی؛ کم مدتی ویزا سیکیورٹی کلیئرنس سے مستثنی قرار

ویب ڈیسک  پير 15 فروری 2021
حصول تعلیم کے لئے پاکستان آنے والے غیرملکیوں کو 2 سال کا ویزا جاری کیا جائے گا فوٹو: فائل

حصول تعلیم کے لئے پاکستان آنے والے غیرملکیوں کو 2 سال کا ویزا جاری کیا جائے گا فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے ویزا پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے کم مدتی ویزا کو سیکیورٹی کلیئرنس سے مستثنی قرار دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے غیر ملکی کے لیے پاکستان کے ویزا کے اجرا کے لیے اپنی پالیسیوں میں بڑی تبدیلی ہے، جس کے تحت کم مدتی ویزا کو سیکیورٹی کلیئرنس سے مستثنی قرار دے دیا گیا ہے تاہم طویل مدتی ورک ویزا کے لئے سیکیورٹی کلیئرنس اور سرمایہ کاری بورڈ کے لیٹر سمیت معاہدہ ملازمت، سی وی، کمپنی لیٹر، پروفائل اورایس ای سی پی رجسٹریشن لازمی درکار ہوگی۔

نئی پالیسی کے مطابق ایک ماہ کا میڈیکل اور 3 ماہ کا ورک ویزا 48 گھنٹے میں جاری کردیا جائے گا۔ ایک سال کے میڈیکل ویزے کے حصول کے لیے 30 روز میں سیکیورٹی کلیئرنس کی جائے گی، اس کے علاوہ حصول تعلیم کے لئے پاکستان آنے والے غیرملکیوں کو 2 سال کا ویزا جاری کیا جائے گا، اسٹڈی ویزا کے لئے سیکیورٹی اداروں کی کلیئرنس اور این او سی پیش کرنا لازی قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ شیخ رشید نے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد اپنے ماتحت اداروں میں بڑی تبدیلیوں کے اعلانات کئے تھے اور انہوں نے آن لائن ویزا جاری کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔