’’اردوان حکومت گرانے کی سازش کرنیوالوں کیلیے کوئی معافی نہیں‘‘

کسی کو بھی حکومت سے عام معافی کی توقع نہیں رکھنی چاہیے، ترک نائب وزیراعظم


APP January 05, 2014
کسی کو بھی حکومت سے عام معافی کی توقع نہیں رکھنی چاہیے، ترک نائب وزیراعظم۔فوٹو:فائل

ترکی کے نائب وزیراعظم بلند آرنیچ نے وزیراعظم رجب طیب اردوان کی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش میں مجرم قرار پاکر جیل جانے والے فوجی افسروں کیلیے معافی کے امکان کو مسترد کردیا۔

انھوں نے انقرہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی حکومت سے عام معافی کی توقع نہیں رکھنی چاہیے' منصفانہ ٹرائل کی خلاف ورزی نہیں کی جانی چاہئے۔ واضح رہے کہ ان کا یہ بیان ترک فوج کی جانب سے سزایافتہ فوجی افسروں کے دوبارہ ٹرائل کے مطالبے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔فوج نے مبینہ طور پر پولیس اور عدلیہ پر دو مختلف کیسوں میں شواہد میں الٹ پھیر کا الزام عائد کیا ہے۔ واضح رہے کہ 2012ء اور 2013ء میں ترکی کے سابق آرمی چیف جنرل ایلکر باسبگ سمیت سیکڑوں فوجی افسروں کو وزیراعظم رجب طیب اردوان کی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کے الزام میں قصوروار قراردیا گیا تھا اور عدالتوں نے انھیں لمبی قید کی سزائیں سنائی تھیں۔

 photo 8_zps49878e35.jpg

ادھر ترکی کی ایک عدالت نے عسکریت پسندوں سے رابطوں کے الزام میں جیل بھیجے جانے والے دو ارکان پارلیمنٹ کو رہا کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ دریں اثنا ترکی میں جاری گزشتہ سال حکومت مخالف مظاہروں کے الزام میں 36 افراد کے خلاف مقدمہ درج کردیاگیاہے۔ ترکی میں پراسیکیوٹرز کے فیصلے کے خلاف مظاہرین نے سخت احتجاج کیا، مظاہرین کو منتشرکرنے کے لiے پولیس کی بھاری تعداد موجود تھی، پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے کارروائی کی تو مظاہرین اور پولیس کے درمیان جڑپیں شروع ہوگئیں، پولیس نے مظاہرین کیخلاف آنسو گیس کا سخت استعمال کیا۔