نمبرون پوزیشن جنوبی افریقہ اور پاکستان ہدف ہوں گے کلارک

بہترین سائیڈ بننے کیلیے بیرون ملک فتوحات بھی سمیٹنا ہوں گی، آسٹریلوی قائد


Sports Desk January 06, 2014
بہترین سائیڈ بننے کیلیے بیرون ملک فتوحات بھی سمیٹنا ہوں گی، آسٹریلوی قائد۔فوٹو: فائل

آسٹریلیا نے اب جنوبی افریقہ اور پاکستان کو اپنا اگلا ہدف قرار دے دیا، کپتان مائیکل کلارک کہتے ہیں کہ نمبر ون ٹیم بننا ہے تو ملک سے باہر بھی کامیابیاں سمیٹنا ہوں گی، اس وقت دنیا کا بہترین بولنگ اٹیک ہمارا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے اپنے صدیوں پرانے حریف انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں کلین سوئپ کیا جس سے وہ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر سے تیسرے پر پہنچ گیا ہے، اب وہ رینکنگ میں مزید ترقی کیلیے جنوبی افریقہ اور پاکستان کو نشانہ بنانے کا خواہاں ہے، آئندہ ماہ کینگروز نے جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا ہے جبکہ سال کے آخر میں انھوں نے پاکستان سے ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔ کپتان مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا کا خطرناک ترین اٹیک ہمارا ہے اور ہم اس کا مظاہرہ بھی کرچکے ہیں، اب ہمارے لیے جنوبی افریقہ میں پرفارم کرنا چیلنج ہوگا، وہیں پر ہمیں معلوم ہوگا کہ درحقیقت ہم کس مقام پر کھڑے ہیں، اس کے بعد ہم نے یو اے ای میں پاکستان سے مقابلہ کرنا ہے۔

 photo 2_zpsfc9885cc.jpg

انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے ملک سے باہر کھیلتے ہوئے نتائج حاصل کرنا کافی مشکل ہوتا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے پاس ایسی ٹیم موجود ہے جوکہ اوے سیریز میں بھی فتح حاصل کرسکتی ہے، ہم یہ نہیں سمجھتے کہ جنوبی افریقہ میں کامیابی کے ساتھ ہی ہم دنیا کی نمبر ون ٹیم بن جائیں گے اس مقصد کو حاصل کرنے کیلیے ہمیں طویل سفر طے کرنا ہے، ملک کے ساتھ بیرون ملک بھی مستقل مزاجی سے اچھا پرفارم کرنا اور فتوحات سمیٹنا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف کلین سوئپ کے حوالے سے کلارک نے کہا کہ ہم اس نتیجے پر کافی خوش ہیں، میری خوشی دگنی ہے کیونکہ میں اس ٹیم کا کپتان ہوں، ہماری اس فتح میں مچل جونسن نے اہم کردار ادا کیا اور وہ درحقیقت انتہائی خطرناک بولر ہے۔کوچ ڈیرن لی مین کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کے بہترین ہونے میں کبھی شبہ نہیں رہا جب میں نے کوچنگ سنبھالی تو محسوس کیا کہ انھیں صرف راستہ دکھانے کی ضرورت ہے، ایشز میں کلین سوئپ ہماری منزل نہیں بلکہ ہم فتوحات کی راہ پر گامزن رہنا چاہتے ہیں۔