توانائی مرکوز کرکے ریکی سے کامیاب علاج ہوسکتا ہے عبدالحسیب

عطا الرحمن ،طاہر نجمی، ایس ایم منیر، منیر سلطان،شاہد حسن اور یحییٰ پولانی کی شرکت


Staff Reporter January 06, 2014
سینیٹر عبدالحسیب خان اپنی کتاب ’’ریکی‘‘ کی تعارفی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

معروف صنعتکار سینیٹر اور ریکی ماسٹر عبدالحسیب خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ریکی طریقہ علاج فروغ حاصل کررہا ہے۔

توانائیوں کوایک نقطے پر مرکوزکرتے ہوئے ریکی کے ذریعے ذہنی جسمانی اور روحانی علاج کامیابی سے جاری ہے، انسانی دماغ میں جنم لینے والی 70 فیصد بیماریوں کا علاج مائنڈ سائنس (ریکی) کے استعمال سے ممکن ہے یہ بات انھوں نے گزشتہ روز ریکی طریقہ علاج پر لکھی جانے والی اپنی کتاب ریکی شفا بخش توانائی کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈاکٹر عطا الرحمن نے ریکی کتاب کی تقریب رونمائی کی، تقریب میں روزنامہ ایکسپریس کے ایڈیٹر طاہر نجمی، ڈاکٹر احسن الرحمن، ڈاکٹرعطا الرحمن، ایس ایم منیر، منیر سلطان، عبدالسمیع خان، ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی، یحییٰ پولانی، عتیق الرحمن،خالدتواب سمیت معروف شخصیات موجود تھیں، تقریب رونمائی کے دوران ریکی ماسٹر عبدالحسیب خان نے ریکی طریقہ علاج کا عملی مظاہرہ کرکے دکھایا جسے سراہا گیا۔

 photo 2_zps2e21e7d6.jpg

انھوں نے کہاکہ پاکستان میں ریکی طریقہ علاج کا مستقبل روشن ہے، کتاب لکھنے سے قبل جاپان کا بھی دورہ کیا تھا اور ریکی طریقہ علاج متعارف کرانے والے جاپانی ریکی ماسٹر ڈاکٹر سوئی کے مقام کا دورہ بھی کیا تھا انھوں نے کہاکہ دنیا بھر میں اس طریقہ علاج کی بنیاد ڈاکٹرسوئی نے رکھی تھی ، ریکی ماسٹر عبدالحسیب خان نے کہاکہ ریکی کے موضوع پر چوتھی کتاب ضبط تحریر کی ہے اور اس کتاب کی تقریب رونمائی جلد لاہور میں بھی کی جائے گی انھوں نے کہاکہ ریکی پر لکھی جانے والی56 کتب پڑھی ہیں اس کے بعد ریکی طریقہ علاج پر جدید کتاب لکھی ہے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں150 ریکی ماسٹر تیار کیے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اگر علم ہماری نظر سے پوشیدہ ہوجائے تواس میں علم کا قصور نہیں ہوتا، ریکی پر لکھی جانے والی کتاب میں طریقہ علاج کو سہل بنایاگیا ہے، تقریب سے دیگر ماہرین تعلیم نے مصنف کو ریکی پر لکھی جانے والی کتاب پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں اس طریقہ علاج کو متعارف کرانے والے بھی مصنف ہی ہیں۔