صوبے میں آئی جی پولیس کی تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے، گورنر سندھ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 24 فروری 2021
 سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں ہے، عمران اسماعیل . فوٹو : فائل

سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں ہے، عمران اسماعیل . فوٹو : فائل

 کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو آگاہ کر دیا ہے کہ صوبے میں آئی جی پولیس کی تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے جس کے لئے وزیراعلی کو بھی خط لکھ دیا ہے جس کے جواب کا انتظارہے۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہاکہ سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں ہے اور وزیراعظم نے کبھی اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی ہے۔

سینیٹ کے لیے پارٹی ٹکٹ اورتحریک انصاف کے رہنماؤں کے مابین الزام تراشی پر گورنرسندھ نے کہاکہ سینیٹ ٹکٹ پارلیمانی بورڈ نے دئیے ہیں، ایک ایک نام پر مشاورت ہوئی ہے، سیف اللہ ابڑو کو ٹکٹ پارلیمانی بورڈ نے دیا ہے، پارلیمانی بورڈ کی سربراہی وزیراعظم نے کی تھی۔

گورنر سندھ نے کہاکہ سیف اللہ ابڑو کا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے، ہم نے لاڑکانہ کو بھی سیف اللہ ابڑو کی صورت میں سینیٹ میں نمائندگی دی ہے، پی ٹی آئی رہنما لیاقت جتوئی کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے، لیاقت جتوئی سے میں خود بات کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمینٹیرین آئی جی سندھ سے نالاں ہیں، میں نے وزیراعلی سندھ کو خط لکھا ہے اور انکے جواب کا انتظار ہے، امید ہے وزیراعلی سندھ جلد مجھے خط کا جواب دیں گے، میں نے اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سے مکمل رپورٹ مانگی ہے، وزیراعلی  سندھ جب مجھے رپورٹ دیں گے تو میں وزیراعظم کو مکمل ثبوت کے ساتھ معاملے سے آگاہ کروں گا، گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو بتا دیا ہے کہ سندھ میں آئی جی کی تبدیلی اب نا گزیر ہوچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔