کراچی میں ٹارگٹ کلنگ بلدیاتی امیدوار اور 2 پولیس اہلکار سمیت 9 ہلاک

سعیدآبادمیں فائرنگ،دستی بم حملہ،2اہلکارہلاک،ملزمان سرکاری اسلحہ چھین کرفرار۔


Staff Reporter January 06, 2014
سعیدآبادمیں فائرنگ،دستی بم حملہ،2اہلکارہلاک،ملزمان سرکاری اسلحہ چھین کرفرار۔ فوٹو: فائل

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ بدستورجاری ہے،اتوارکوبھی2پولیس اہلکاروں اوربلدیاتی انتخابات کے ایک امیدوارسمیت9افرادکوموت کے گھاٹ اتاردیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ کے علاقے سعید آبادمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار 58سالہ کانسٹیبل محمد خان بکل اور 55 سالہ کانسٹیبل محمد رحیم جاں بحق ہوگئے۔ملزمان نے فرارہوتے وقت دستی بم بھی پھینکاجس سے ایک راہگیر 32 سالہ نواب زخمی ہوگیا،ملزمان فرار ہوتے وقت دونوں پولیس اہلکاروں کی سرکاری ایس ایم جی بھی ہمراہ لے گئے،پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکارعوامی نیشنل پارٹی کے رہنما رزاق بونیری کی دکان کے قریب تھے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے فائرنگ کردی۔جاں بحق اہلکارمحمد خان نیول کالونی جبکہ رحیم اتحاد ٹائون کا رہائشی تھا۔رشیدآبادمیں پٹرول پمپ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ قاری جعفرہلاک ہوگیا ،مقتول اپنے رکشا میں بچوں کو اسکول سے چھوڑ کر واپس جارہاتھا کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا،مقتول پاکستان تحریک انصاف کا کارکن جبکہ بلدیاتی انتخابات میں جنرل کونسل کاامیدوار بھی تھا،مقتول ہارون آباد کا رہائشی جبکہ اس کاآبائی تعلق سوات سے تھا،مقتول 3 بچوں کا باپ تھا۔

 photo 11_zps1fb27fdc.jpg

مواچھ گوٹھ میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے60سالہ شفیع محمدوچانی اور50سالہ امیربخش ہلاک ہو گئے جبکہ 65سالہ علی محمد عرف عبدالستارزخمی ہوگیا۔اتحادٹاؤن گلشن غازی سیکٹرCپاورہاؤس کے قریب مسجدخضرلااسلام میں نامعلوم ملزمان نے پیش امام50سالہ مولاناقاری لیاقت کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے، مقتول گلشن غازی کا رہائشی اوربلدیہ ٹاؤن کی یوسی ون کاسابق نائب ناظم تھا، واقعے کے وقت مقتول مغرب کی نماز کی امامت کررہے تھے کہ عقب میں موجودنامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی،مقتول کا تعلق جمعیت علمائے اسلام حاجی حنیف طیب کی جماعت سے تھا۔سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 36میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے مسلم لیگ فنگشنل کا کارکن نذیرشیخ ہلاک ہو گیا، مقتول کا آبائی تعلق لاڑکانہ سے تھا،سرجانی ٹاؤن میں وہ اکیلا رہائش پزیرتھا۔

اورنگی ٹاؤن بنارس پل کے قریب نامعلوم ملزمان کی وٹس کار پر فائرنگ سے 40 سالہ اقبال ہلاک اورایک شخص زخمی ہو گیا۔ قصبہ موڑ کے قریب سے 20 سالہ نامعلوم نوجوان کی ہاتھ پاؤں بندھی بوری بند لاش ملی،مقتول کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔کیماڑی گلشن سکندر آباد میں ملزم یوسف نائی نے اپنے ساتھی ڈاکو 28 سالہ راجاکو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا ، پیر آباد کے علاقے علیگڑھ مارکیٹ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 40 سالہ عبد اﷲ زخمی ہو گیا۔فریدکالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 60 سالہ بیدار خان زخمی ہوگیا،گلبہار کے علاقے حسن اولیاکالونی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 60 سالہ رضوان حیدر زخمی ہوگیا،مضروب متحدہ قومی موومنٹ کے ایلڈرز ونگ کے یونٹ 167 کا انچارج ہے ۔