دو جزیروں میں 3.8 کلومیٹر فاصلہ، لیکن 20 گھنٹے وقت کا فرق!

ویب ڈیسک  جمعرات 4 مارچ 2021
صرف 3.8 کلومیٹر (2.4 میل) درمیانی فاصلہ ہونے کے باوجود، ان دونوں جزیروں کا وقت ایک دوسرے سے بے حد مختلف ہے۔ (فوٹو: ناسا)

صرف 3.8 کلومیٹر (2.4 میل) درمیانی فاصلہ ہونے کے باوجود، ان دونوں جزیروں کا وقت ایک دوسرے سے بے حد مختلف ہے۔ (فوٹو: ناسا)

ماسکو / واشنگٹن: قطب شمالی کے نزدیک بحیرہ بیرنگ میں دو چھوٹے چھوٹے جزیرے ایسے بھی ہیں جو ایک دوسرے سے صرف 3.8 کلومیٹر دوری پر ہیں لیکن پھر بھی ان کے وقت میں پورے 20 گھنٹے کا فرق ہے۔

یعنی اگر ایک جزیرے پر رات کے 12 بجے ہوں تو ٹھیک اسی وقت دوسرے جزیرے پر اگلی رات کے 8 بج رہے ہوں گے۔

مجموعی طور پر ’’ڈیومیڈز‘‘ (Diomedes) کہلانے والے ان جزیروں میں سے بڑا جزیرہ (بگ ڈیومیڈ) روس کی سمندری حدود میں جبکہ چھوٹا (لٹل ڈیومیڈ) امریکی سمندری حدود میں واقع ہے۔

یہی وہ چیز ہے جو ان دونوں جزیروں کے وقت میں اتنے بڑے فرق وجہ بھی ہے۔

روسی حدود میں ہونے کے باعث بڑے جزیرے ’’بگ ڈیومیڈ‘‘ پر ’’پیٹروپافلوفکس کامچاٹسکی اسٹینڈرڈ ٹائم‘‘ کا اطلاق ہوتا ہے جو عالمی معیاری وقت کے مقابلے میں 12 گھنٹے آگے ہے۔

اس کے برعکس، امریکی حدود میں ہونے کی وجہ سے چھوٹے جزیرے ’’لٹل ڈیومیڈ‘‘ پر ’’پیسفک اسٹینڈرڈ ٹائم‘‘ کا اطلاق کیا جاتا ہے جو عالمی معیاری وقت سے پورے 8 گھنٹے پیچھے ہے۔

اس طرح صرف 3.8 کلومیٹر (2.4 میل) درمیانی فاصلہ ہونے کے باوجود، ان دونوں جزیروں کا وقت ایک دوسرے سے بے حد مختلف ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔