پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی؛ پی ٹی آئی کا 2 منحرف ارکان سندھ اسمبلی کو نوٹس

ویب ڈیسک  جمعرات 4 مارچ 2021
اسلم ابڑو اور شہریار شر نے سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیا تھا فوٹو: فائل

اسلم ابڑو اور شہریار شر نے سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیا تھا فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے اپنے 2 منحرف ارکان سندھ اسمبلی کو پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے اپنے 2 منحرف ارکان سندھ اسمبلی اسلم ابڑو اور شہریار خان شر کو پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے الزام میں اظہارِ وجوہ کے نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ دونوں ارکان اسمبلی کو تحریک انصاف کی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کے چیئرمین سلمان آفتاب نے نوٹسز جاری کئے ہیں۔

جاری کئے گئے نوٹس میں رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو اور شہریار شر کے خلاف 7 روز میں کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تحریک انصاف مغربی ریجن کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب دونوں ایم پی ایز کے خلاف کارروائی کرے گی۔

واضح رہے کہ اسلم ابڑو اور شہریار شر پارٹی سے ناراض تھے، انہوں نے چند روز قبل اپنے وڈیو پیغام میں پارٹی فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد جب وہ ایوان میں ٗے تو ان پر ان ہی کی پارٹی کے ارکان نے حملہ کردیا تھا۔ گزشتہ روز سینیٹ انتخابات میں انہوں نے تحریک انصاف کے بجائے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔