یقین ہے پی ایس ایل 6 کے باقی میچز مکمل کرلیے جائیں گے، وسیم خان

ویب ڈیسک  جمعرات 4 مارچ 2021
پلیئرز کو صحتمند انداز میں گھر بھجوانا اولین ترجیح ہے اور یہ وقت الزامات لگانے کا نہیں، وسیم خان۔ فوٹو:فائل

پلیئرز کو صحتمند انداز میں گھر بھجوانا اولین ترجیح ہے اور یہ وقت الزامات لگانے کا نہیں، وسیم خان۔ فوٹو:فائل

کراچی: چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ پلیئرزکو صحتمند اندازمیں گھر بھجوانا ہماری اولین ترجیح ہے اور یہ وقت الزامات لگانے کا نہیں، ناراض فرنچائز مالکان سے بات کریں گے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹرمیڈیکل ڈاکٹرسہیل اورڈائریکٹرمارکیٹنگ بابرحامد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ تصدیق کرتا ہوں کہ پاکستان سپر لیگ کو نئی تاریخوں تک ملتوی کیا جاتا ہے، ہمارے لئے یہ بڑی مایوسی کی بات ہے کہ جو ہمیں کرنا تھا وہ نہ کرسکے، آج اجلاس میں اس بات پر سب متفق تھے کہ لیگ کو ملتوی کیا جائے۔

پلیئرزکو صحتمند انداز میں گھربھجوانا ترجیح ہے

وسیم خان نے کہا کہ ہمارے لئے یہ ایک مشکل دن ہے لیکن یہ وقت الزامات لگانے کا نہیں، ناراض فرنچائز مالکان سے بات کریں گے، کھلاڑیوں کا کورونا میں مبتلا ہونا ہر کسی کیلئے تشویش کی بات تھی، ہماری ذمے داری تھی کہ پلیئرز کی صحت کیلئے بہترین حفاظتی اقدامات کریں اور اب اولین ترجیح یہ ہے کہ پلیئرزکو صحتمند اندازمیں گھر بھجوائیں۔

ایونٹ ملتوی کرنا ضروری تھا

چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا تھا کہ سب کابہت نقصان ہوا ہے، فرنچائز نے بہت سارے پیسے لگائے ہر کسی کا وقت لگا، کوئی بھی کام کامیاب اس وقت ہوتا ہے جب ہر کوئی ایک پیج پر ہو، اعتماد کو قائم کرنا ضروری ہے، اعتماد متاثر ہوا، دوبارہ اعتماد حاصل کرنے کیلئے ہمیں محنت کرنا ہوگی، بائِیو سیکور ببل اور ایس او پیز پر عمل سب کی ذمہ داری تھی، پی ایس ایل کویڈ مسائل کی وجہ سے ملتوی کرنا ضروری تھا۔

تحقیقات کی گہرائی تک جائیں گے

کہاں کب اور کیا غلط ہوا یہ دیکھنا بہت ضروری ہے، ہم بورڈ آف گورنر سے بات کرکے آزادانہ تحقیقات کرائیں گے، ہم  تحقیقات کی گہرائی تک جائیں گے، فرنچائزز بڑے سرمایہ کار ہیں ، سب کو ذمہ داری لینا ہو گی، کرکٹ شیڈول میں لیگ کیلئے وقت کا تعین کرنا ہوگا توکرلیں گے ،یہ مسئلہ نہیں ہے، اصل مسئلہ پلیئرز کی دستیابی ہوگا، اس سال ہمارے پاس ونڈو ہے اس پر فرنچائزز سے بات کریں گے، ایونٹ کے باقی میچ مکمل کرنے کا یقین ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔