سری لنکنز کا شکارپاکستان اسپن ہتھیاروں کی دھار چمکانے لگا

سعید اجمل کے ساتھ عبدالرحمان اورحفیظ کی بھی بھرپور پریکٹس، دبئی کی وکٹ سلو بولرز کیلیے موزوں ہوگی، مصباح


AFP/Sports Desk January 07, 2014
دبئی: ٹریننگ سیشن کے دوران پاکستان کے ’’ سینئر‘‘کرکٹرز کی دوڑ،40 سالہ کپتان مصباح الحق نے 35 برس کے عبدالرحمان کو پیچھے چھوڑا ہوا ہے(فوٹو: اے ایف پی )

سری لنکنزکا شکار کرنے کیلیے پاکستان اسپن ہتھیاروں کی دھار چمکانے لگا، سعید اجمل کے ساتھ عبدالرحمان اور محمد حفیظ نے بھی گذشتہ روز بھرپور پریکٹس کی، دوسرے ٹیسٹ کے وینیو دبئی کی وکٹ سلو بولرز کیلیے موزوں ثابت ہوسکتی ہے۔

کپتان مصباح الحق نے کہاکہ تیسرے ہی دن اسپنرز اپنا کام دکھانے لگیں گے، سیریز میں برتری کیلیے پورا زور لگائیں گے، بیٹنگ کو مزید بہتر بنانے کی کوشش جاری ہے۔ دوسری جانب سری لنکا نے سعید اجمل کو قابوکرنے کی حکمت عملی کے کامیاب رہنے کا دعویٰ کر دیا، سینئر بیٹسمین مہیلا جے وردنے نے کہاکہ جو پلان ہم نے ڈیڑھ برس قبل ہوم سیریز میں بنایا تھا وہ اب بھی کارگر ثابت ہورہا ہے، پاکستان کے اسپن جادوگر کا توڑ کرتے رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاک سری لنکا دوسرا ٹیسٹ بدھ سے دبئی کے اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے، یہاں کی کنڈیشنز کے پیش نظر پاکستان نے اپنے اسپن ہتھیاروں کو اچھی طرح تیز کرلیا، ٹیم انہی کی مدد سے آئی لینڈرز کا شکار کرنے کیلیے پُرعزم ہے، پہلے ٹیسٹ میں میزبان نے ابتدائی اننگز میں 179 رنز کی برتری حاصل کی مگر انجیلو میتھیوز کے کیریئر بیسٹ 157 رنز ناٹ آئوٹ نے بازی پلٹ دی تھی، اس سے میچ ڈرا ہوگیا تھا۔ دوسری اننگز میں سعید اجمل نے 49 اوورز کرائے اور ایک بھی وکٹ نہیں لے پائے تھے، یہ 36 سالہ بولر کے 31 ٹیسٹ میچز کے کیریئر میں پہلا موقع تھا جب انھوں نے دوسری اننگز میں 17 سے زائد اوورز کرنے کے باوجود کسی پلیئر کو آئوٹ نہ کیا۔ دبئی میں سعید اجمل کا ریکارڈ کافی اچھا اور وہ 24 پلیئرز کو ٹھکانے لگا چکے ہیں، اس میں انگلینڈ کیخلاف7 وکٹیں بھی شامل ہیں جس کی بدولت پاکستان نے کلین سوئپ کیا تھا۔



کپتان مصباح الحق کو پورا یقین ہے کہ دبئی میں سعید اجمل اس بار بھی کامیاب ہونگے، انھوں نے کہاکہ ابوظبی میں دونوں ہی ٹیموں کے اسپنرز زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرپائے مگر مجھے دبئی کی وکٹ کے ٹرن کرنے کا پورا یقین ہے، میرے خیال میں تیسرے ہی دن یہاں پر اسپنرز اپنا کام دکھانا شروع کردینگے، انھوں نے مزید کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں ہماری بیٹنگ پرفارمنس توقع کے مطابق نہیں تھی، ہمیں اس پر مزید محنت کرنے اور زیادہ سے زیادہ اسکور بنانے کی ضرورت ہے۔ مصباح الحق نے واضح کیا کہ ہم سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرنے کی پوری کوشش کرینگے۔ دوسری جانب سری لنکا ابوظبی میں سعید اجمل کوقابو کرنے پر بدستور خوشیاں مناتے ہوئے اسے اپنی حکمت عملی کا نتیجہ قرار دے رہا ہے۔ سابق کپتان اور مڈل آرڈر بیٹسمین مہیلا جے وردنے نے کہاکہ ہم سعید اجمل کیخلاف بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکے، وہ اپنی ٹیم کیلیے ٹرمپ کارڈ ہیں، ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ انھیں جتنا اچھا کھیلیں گے اتنا ہی ہماری کامیابی کا راستہ صاف ہوجائیگا، نوجوان پلیئرز نے ان کیخلاف عمدگی سے بیٹنگ کی اور ہمیں امید ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا، انھوں نے کہا کہ سعید اجمل کسی بھی وقت وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن اگر ہم نے پہلے ٹیسٹ کی طرح اس بار بھی ان کا عمدگی سے سامنا کیا تو سیریز میں برتری کا امکان بڑھ جائیگا، ہم نے اپنے ملک میں پاکستان کیخلاف 1-0 سے سیریز اسی حکمت عملی کی بنا پر جیتی تھی۔