پاکستان نے کرکٹ ٹیم بھارت بھیجنے کی پیشکش کردی

5 میچز پر مشتمل سیریزکی تجویز، ستمبر اکتوبر میں انعقاد ممکن ہے، شہریارخان


Sports Desk January 07, 2014
پاکستانی ٹیم بھارت میں آکر کرکٹ کھیلنا چاہتی ہے، دونوں ممالک میں پانچ میچز کی سیریز ہوسکتی ہے،شہریارخان۔فوٹو:فائل

پاکستان نے ایک بار پھر کرکٹ ٹیم بھارت بھیجنے کی پیشکش کردی، 5 میچز پر مشتمل سیریزکی تجویز دی گئی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کے خصوصی نمائندے شہریار خان کا کہنا ہے کہ ستمبر اکتوبر میں باہمی مقابلوں کا اہتمام ہوسکتا ہے، انھوں نے واضح کیا کہ مستقبل قریب میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا امکان نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک بھارت تعلقات ایک بار پھر معمول پر لانے کی کوشش جاری ہیں، اس سلسلے میں کرکٹ ڈپلومیسی بھی آزمائی جارہی ہے، اس کھیل کی وجہ سے دونوں ممالک کو ماضی میں قریب لانے میں بھی مدد ملی ہے۔ 2012 کے آخر میں اس وقت کے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کی کوششوں سے بھارتی بورڈ نے مختصر سیریز کیلیے پاکستانی ٹیم کی میزبانی کی تھی، البتہ اس سے حاصل ہونے والی کروڑوں ڈالر کی کمائی سے پی سی بی کو کوئی حصہ دیا گیا تھا اور نہ ہی جوابی سیریز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی ۔ اب پاکستان نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم پھر سے بھارت بھیجنے کی پیشکش کردی ہے۔



اس سلسلے میں وزیراعظم نوازشریف کے خصوصی نمائندے شہریار خان نے نئی دہلی میں بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم بھارت میں آکر کرکٹ کھیلنا چاہتی ہے، دونوں ممالک میں پانچ میچز کی سیریز ہوسکتی ہے، ہمیں اس سلسلے میں بھارتی شیڈول میں جگہ تلاش کرنا ہوگی، ویسے رواں برس ستمبر اکتوبر میں جگہ دستیاب ہے،دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلیے ہم اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔انھوں نے مزیدکہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی پاکستان میں فوری واپسی کا امکان نہیں تاہم ہمارے پاس دوسرا بہترین آپشن نیوٹرل وینیوز پر کرکٹ کھیلنے کا ہے، اسے ہم استعمال کررہے اور ہماری ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انٹرنیشنل میچز نہ ہونے سے ہمارے ملک میں کھیلوں کو شدید نقصان ہورہا ہے، حکومت کرکٹ کو واپس لانے کی کوشش کررہی ہے، میدان سونے ہونے سے نہ صرف ڈومیسٹک کرکٹرز کو نقصان ہورہا ہے بلکہ اس سے کھیلوں میں سرمایہ کاری بھی نہیں ہورہی۔