واٹمورآخری ٹیسٹ سیریز فتح سے یادگار بنانے کے خواہاں

سری لنکاکیخلاف کامیابی کے ساتھ کنٹریکٹ کااختتام خوش آئند بات ہوگی،کوچ


Sports Desk/AFP January 07, 2014
سری لنکا میری جائے پیدائش بھی ہے، چند کھلاڑی بڑے اچھے دوست لیکن میدان میں صرف حریف ہیں۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: ڈیو واٹمور پاکستان کے ساتھ اپنی آخری ٹیسٹ سیریز کو پہلی فتح سے یادگار بنانے کے خواہاں ہیں،ہیڈکوچ کا کہنا ہے کہ سری لنکا کیخلاف کامیابی کے ساتھ کنٹریکٹ کا اختتام بڑی خوش آئند بات ہوگی۔

اس مقصد کے حصول کیلیے میچ میں حریف کی 20وکٹیں حاصل کرنے کیلیے تیاری کرنا ہوگی۔تفصیلات کے مطابق کوچ ڈیو واٹمور کے ساتھ پی سی بی کا2سالہ معاہدہ مارچ میں ختم ہوجائے گا، ان کے دور میں پاکستان ٹیم نے کارکردگی میں اتار چڑھائو کے باوجود ون ڈے میں بھارت اور جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیموں کو انہی کی سرزمین پر زیر کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا، دوسری طرف ایک بھی ٹیسٹ سیریز نہ جیتی جا سکی، سری لنکا کیخلاف ایک میچ ڈرا ہوچکا،کوچ کی خواہش ہے کہ کھلاڑی اگلے دونوں میچ اور سیریز جیت کر ان کا احساس محرومی ختم کردیں۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا ہے کہ سری لنکاکی6سال کوچنگ کے دوران انھیں ورلڈ کپ 1996کا فاتح بنانے میں کردار ادا کیا۔



سری لنکا میری جائے پیدائش بھی ہے، چند کھلاڑی بڑے اچھے دوست لیکن میدان میں صرف حریف ہیں، کنٹریکٹ کا اختتام ان کے خلاف سیریز کی فتح سے ہو تو بڑی خوشی کی بات ہوگی،اس مقصد کے حصول کیلیے بولرز کو لازمی طور پر میچ میں 20 وکٹیں حاصل کرنے کی تیاری کرنا ہوگی۔انھوں نے کہا کہ ابوظبی میں پاکستانی ٹیم مصباح الحق اور یونس خان کی سنچریوں کا بعد ازاں فائدہ نہیں اٹھا سکی، پہلی اننگز میں برتری زیادہ ہونی چاہیے تھی۔ انھوں نے 49اوورز میں وکٹ سے محروم رہنے والے سعید اجمل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر اسپنر کو پچ سے مدد حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا رہا،حریف ٹیم نے صورتحال کے مطابق بہترین بیٹنگ سے کامیاب دفاع کرتے ہوئے پاکستان کی فتح کیلیے مہم کمزور بنادی۔