ملک میں کورونا وبا سے مزید 39 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  اتوار 7 مارچ 2021
ایک ہزار 595 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، این سی او سی فوٹو: فائل

ایک ہزار 595 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، این سی او سی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وبا کے مزید ایک ہزار 780 نئے کیسز سامنے آئے جب کہ 39 مریض زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38 ہزار 887 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے، اب تک 92 لاکھ 12 ہزار 480 کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے کورونا کے مزید ایک ہزار 780 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس کے بعد اب ملک میں اس وبا کے مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 90 ہزار 508 ہو گئی ہے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 77 ہزار8، سندھ 2 لاکھ 59 ہزار 666، خیبر پختونخوا 73 ہزار 708، بلوچستان 19 ہزار114، آزاد کشمیر 10 ہزار 534، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 959 جب کہ اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 45 ہزار 519 ہوگئی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کا شکار مزید 39 افراد دم توڑ گئے ہیں، جس کے بعد اس وباسے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار 205 تک پہنچ گئی ہے۔ اس وائرس نے سب سے زیادہ جانی نقصان پنجاب میں کیا ہے جہاں 5 ہزار 552 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، اس کے علاوہ سندھ میں 4 ہزار 424، خیبر پختونخوا 2 ہزار 109، اسلام آباد میں 508، گلگت بلتستان میں 102، بلوچستان میں 201 اور آزاد کشمیر میں 309 افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔

کورونا کا شکار مزید ایک ہزار 38 افراد نے اس وائرس کو شکست دے دی ہے، اس طرح 5 لاکھ 58 ہزار 210 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں، ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 18 ہزار 55 ہے۔ جن میں سے ایک ہزار 595 کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پا نی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔