کورونا کیسز میں کمی؛ ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم آئسولیشن سینٹر بند

اسٹاف رپورٹر  منگل 9 مارچ 2021
سندھ بھر میں کورونا کیسز کم ہوگئے تاہم کیسز میں اضافہ ہوا تو سینٹر کو دوبارہ فعال کرسکتے ہیں، ڈاکٹر مجاہد سومرو (فوٹو : فائل)

سندھ بھر میں کورونا کیسز کم ہوگئے تاہم کیسز میں اضافہ ہوا تو سینٹر کو دوبارہ فعال کرسکتے ہیں، ڈاکٹر مجاہد سومرو (فوٹو : فائل)

 کراچی:  کورونا کیسز میں کمی کے بعد ایکسپو سینٹر میں قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹر عارضی طور پر بند کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی ایکسپو سینٹر میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم 150 ایچ ڈی یو اور 1200 آئسولیشن بیڈز پر مشتمل فیلڈ آئسولیشن سینٹر عارضی طور پر بند کردیا گیا۔

اس سینٹر میں گزشتہ 11 ماہ کے دوران کورونا وائرس کے 2300 مریض لائے گئے اور 1170 مریضوں کو انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں رکھا گیا۔

آئسولیشن سینٹر میں تقریباً 200 افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے، فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں 300 افراد چار شفٹوں میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

کیسز بڑھ گئے تو سینٹر دوبارہ فعال کردیں گے، ڈاکٹر مجاہد سومرو

فوکل پرسن فیلڈ آئسولیشن سینٹر ڈاکٹر مجاہد سومرو کے مطابق سندھ بھر میں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے، کورونا کیسز میں نمایاں کمی کے بعد فیلڈ آئسولیشن سینٹر کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسپتالوں میں بھی کورونا مثبت مریضوں کی تعداد انتہائی کم ہے، اگر کیسز میں دوبارہ اضافہ ہوتا ہے تو سینٹر دوبارہ فعال کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ فیلڈ آئسولیشن سینٹر 2 اپریل 2020ء کو ایکسپو سینٹر میں فعال کیا گیا تھا۔ سینٹر کے انتظامی امور فوج کے پاس تھے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے بھر میں کورونا کے اس وقت آئسولیشن سینٹر میں 11 مریض زیر علاج ہیں، اسپتالوں میں کورونا کے 308 مریض زیر علاج ہیں۔

اسپتالوں میں زیر علاج کورونا کے 234 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 43 وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ گھروں میں کورونا کے 3 ہزار 806 مریض زیر علاج ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 افراد جاں بحق ہوئے، سندھ بھر میں اب تک کورونا کے باعث 4 ہزار 436 اموات ہوچکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔