ابر آلود موسم میں پاکستان آئی لینڈرز پر برسنے کو تیار

بارش کے باعث دونوں ٹیمیں پریکٹس سے محروم،مصباح الحق کوڈھکی ہوئی وکٹ میں ٹرن دکھائی دینے لگا


Sports Desk January 08, 2014
دبئی:بارش کی وجہ سے ٹریننگ سیشن منسوخ ہونے کے بعد مصباح اور منیجر معین خان کی چہل قدمی۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بدھ سے دبئی کے اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم پر کھیلا جارہا ہے۔

ابرآلود موسم میں پاکستان آئی لینڈرز پربرسنے کو تیار ہے، سیریز میں برتری کیلیے ٹیم دو دھاری اسپن اٹیک سے لیس ہوگئی، سعید اجمل کے ساتھ عبدالرحمان بھی حریف بیٹسمینوں کی خبر لینے کیلیے موجود ہوں گے، بارش کے باعث دونوں ٹیمیں تیاریوں کو حتمی شکل دینے سے محروم رہ گئیں، پریکٹس سیشن منسوخ کرنا پڑے، کپتان مصباح الحق کو ڈھکی ہوئی وکٹ میں ٹرن دکھائی دینے لگا،انھوں نے کہاکہ تاریخ بتاتی ہے کہ دبئی کی پچ اسپنرز کیلیے موزوں ہے، اسی لیے ہم 2 سلو بولرز میدان میں اتاریں گے، دوسری جانب سری لنکا بھی اپنے اسپن اٹیک پر نازاں ہے، رنگانا ہیراتھ کی جادوگری پوری ٹیم کو ہمت دلانے لگی، کپتان انجیلو میتھیوزنے کہاکہ ہم سیریز میں برتری کیلیے پُرعزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں گذشتہ روز مسلسل بارش ہوتی رہی جس کی وجہ سے پاکستان اور سری لنکا دونوں ہی دوسرے ٹیسٹ سے قبل آخری پریکٹس سیشنز سے محروم رہ گئے،اگلے پانچ روز تک موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی ہے۔

کپتان مصباح الحق نے کہاکہ مجھے پوری توقع ہے کہ بدھ کو موسم بہتر اور پورے پانچ دن کاکھیل ہوگا، انھوں نے کہا کہ میں نے ابھی تک وکٹ نہیں دیکھی کیونکہ اسے بارش کی وجہ سے ڈھکا ہوا ہے، البتہ عام طور پر یہاں اچھی ٹیسٹ کرکٹ ہوتی ہے۔ انھوں نے دوسرے ٹیسٹ میں سعید اجمل کے ساتھ عبدالرحمان کو میدان میں اتارنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس گرائونڈ کی تاریخ کو دیکھا جائے تو یہ پچ وقت کے ساتھ سلو ہونے لگتی اوراس سے اسپنرز کو مدد ملتی ہے، ہمارے دونوں ہی سلو بولرز یہاں کافی کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان ابوظبی میں پہلی اننگز میں ملنے والی برتری سے فائدہ نہیں اٹھا سکا تھا جس کی وجہ سے میچ ڈرا ہوگیا، مصباح ابھی تک اس صدمے سے نہیں نکل پائے اور سمجھتے ہیں کہ ان کی ٹیم کو پہلی اننگز میں 500 کے قریب رنز بنانے چاہیے تھے، انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بیٹنگ پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، حریف سائیڈ کو دبائو میں لانے کے لیے کم سے کم 450رنز بنانا ضروری ہیں۔

 photo 1_zpsf3caee55.jpg

پہلے میچ میں مصباح الحق اور یونس خان نے سنچریاں اسکور کی تھیں جبکہ اوپنر خرم منظور نے مجموعی طور پر 29 رنز بنائے،اس سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں وہ مسلسل2مرتبہ صفر پر آئوٹ ہوئے تھے، اسی وجہ سے ان کی الیون میں جگہ خطرے میں ہے، شان مسعود کو موقع دیا جاسکتا ہے، عدنان اکمل کی انگلی ٹوٹنے کے باعث سرفرازاحمد کو قسمت نے ایک اور موقع دے دیا، سعید اجمل ابوظبی میں ناکام رہے مگر دبئی ان کیلیے ایک اچھا وینیو ہے، یہاں پر وہ اب تک 20.11 کی اوسط سے 34 وکٹیں لے چکے ہیں، سری لنکن اسپنر رنگانا ہیراتھ نے یہاں39.33 کی اوسط سے صرف تین پلیئرز کو آئوٹ کیا ہے۔

دبئی میں اب تک 5 ٹیسٹ کھیلے گئے، ان میں سے 4 نتیجہ خیز ثابت ہوئے، اس بار بھی زیادہ امکان ہارجیت کا فیصلہ ہونے کا ہے، سیریز اس وقت دونوں ٹیموں میں 0-0 سے برابر ہے، اس لیے ایک اور ڈرا سے کوئی بھی ٹیم خوش نہیں ہوگی۔ سری لنکا کے 2کھلاڑی لاہیرو تھریمانے اور نوان کولاسیکرا انجریز کے باعث وطن واپس لوٹ چکے، میچ کے آغاز سے 36 گھنٹے قبل کوشل پریرا دبئی آ چکے اس کے باوجود کپتان انجیلو میتھیوز کی جانب سے ٹاپ 7 میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے، صرف ایک کمزور کڑی سچترا سینا نائیکے ڈیبیو پر متاثر نہیں کرپائے تھے، میتھیوز کو یقین ہے کہ وہ ایک اچھے اسپنرثابت ہوسکتے ہیں مگر میچ جیتنے کے لیے ان کی جگہ آف اسپنر دلروان پریرا کو بھی ڈیبیو کرانا ممکن ہے۔