کرکٹ میں تہلکہ خیز ’7 اسٹار‘ ایونٹ کا جلد اضافہ متوقع

دھونی برانڈ ایمبیسڈر، پاکستانی کرکٹرز ایک ٹیم کے جھنڈے تلے کھیلیں گے


Sports Desk January 08, 2014
لانچنگ رواں ہفتے ہونی ہے، برانڈ ایمبیسڈر دھونی سریش رائنا کے ہمراہ دبئی جائیں گے.۔فوٹو:فائل

کرکٹ میں ایک اور تہلکہ خیز 'سیون اسٹار' ایونٹ کا اضافہ ہونے والا ہے، 7 ممالک کے 7 کھلاڑیوں پر مشتمل سیون پی ایل مارچ سے شروع ہوسکتی ہے.

ٹیموں کو متحدہ عرب امارات کی 7 ریاستوں کے ناموں پر تشکیل دیا جائے گا، ایک بھارتی سیاستدان کی ایونٹ کو سپورٹ حاصل ہے، انہی کے نئے اسپورٹس چینل پر ٹورنامنٹ نشر ہوگا، رواں ہفتے لانچ ہونے والے اس ایونٹ کے برانڈ ایمبیسڈر مہندرا سنگھ دھونی ہوں گے، پاکستانی پلیئرز بھی کسی ایک ریاست کے جھنڈے تلے کھیلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مصروف ترین عالمی کرکٹ شیڈول میں ایک نئے ایونٹ کا اضافہ ہونے والا ہے، جس کے ساتھ بھارت کے ایک بڑے سیاستدان کا تعلق بتایا جارہا ہے،ان کا بی سی سی آئی پر بھی کافی اثر رسوخ ہے، انہی سیاستدان کا چینل 24/7 اسپورٹس جلد ہی لانچ ہونے والا ہے، ذرائع نے بتایاکہ اسی پر نیا ٹورنامنٹ بھی نشر ہوگا، یہ یو اے ای کے کارپوریٹ اداروں کے تعاون سے منعقد ہوگا، اس کی لانچنگ رواں ہفتے ہونی ہے، برانڈ ایمبیسڈر دھونی سریش رائنا کے ہمراہ دبئی جائیں گے.

 photo 5_zps0cd42608.jpg

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں خلیج کے بڑے ادارے کے ساتھ رہتی اسپورٹس بھی شریک ہے، یہ دراصل دھونی کے دوست کی فرم اور اس میں بھارتی کپتان کا بھی حصہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ مارچ کے پہلے ہفتے میں شروع ہوسکتا ہے، اس میںان پلیئرز کو شامل کیا جائے گا جو آئی پی ایل نیلامی میں فروخت نہیں ہوپائیں گے، اس ایونٹ میں سات ممالک پاکستان، بھارت، سری لنکا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور یو اے ای شامل ہوں گے، ٹیمیں عرب امارات کی سات ریاستوں کے ناموں سے کھیلیں گی، ایک تجویز یہ بھی ہے کہ سال کے اختتام پر چیمپئنز لیگ کی طرح سیون پی ایل چیمپئنز ٹرافی بھی منعقد کی جائے مگر ابھی اس منصوبے کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔