راکھی ساونت نے سلمان اور سہیل خان کو اپنا ’’خدائی مددگار‘‘ قرار دے دیا

ویب ڈیسک  بدھ 17 مارچ 2021
مجھے معلوم ہے جب سلمان خان آس پاس ہوتے ہیں تو کچھ بھی غلط نہیں ہوسکتا، راکھی ساونت فوٹوفائل

مجھے معلوم ہے جب سلمان خان آس پاس ہوتے ہیں تو کچھ بھی غلط نہیں ہوسکتا، راکھی ساونت فوٹوفائل

ممبئی: بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور ان کے چھوٹے بھائی سہیل خان کو اپنا خدائی مددگار قراردے دیا۔

راکھی ساونت نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران سلمان خان اور سہیل خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں نے اس وقت ان کی مالی اور جذباتی مدد کی جب انہیں مدد کی بہت زیادہ ضرورت تھی۔ انہوں نے میری ماں کے علاج میں بھی میری مدد کی ہے۔ حتیٰ کہ ان دونوں نے اس بات کو میڈیا سے دور رکھنے کے لیے بھی کہا۔

راکھی ساونت نے سلمان اور سہیل خان کو اپناگاڈ برادر (خدائی مددگار) قرار دیتے ہوئے کہا مجھے معلوم ہے جب سلمان خان آس پاس ہوتے ہیں تو کچھ بھی غلط نہیں ہوسکتا۔ سلمان خان اور سہیل بھائی نے میرے لیے بہت کیا ہے اور انہوں نے ہمیشہ مجھے کہا ہے ہم تمہاری جو بھی مدد کرتے ہیں اسے دوسروں کے سامنے کہنے کی ضروررت نہیں ہے۔

راکھی ساونت نے مزید کہا کہ سلمان خان نے ان کی صرف مالی طور پر مدد نہیں کی بلکہ بگ باس شو کے دوران انہوں نے میری رہنمائی بھی کی اور مجھے ہر طرح سے سپورٹ کیا۔ راکھی نے اپنے کیریئر میں آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت کم عمری میں سمجھدار ہوگئی تھی۔ مجھ پر میری ماں، بھائی اور بیوہ بہن کی ذمہ داری تھی۔ میں اس وقت ہر کسی کے ساتھ بہت تلخ لہجے میں بات کرتی تھی کیونکہ مجھے کوئی سمجھانے والا نہیں تھا۔

لیکن اب سلمان خان نے مجھے سمجھایا ہے کہ مجھے اپنی زبان پر قابو رکھنا چاہئے اور بگ باس کے گھر کے اندر بھی مجھے سب سے نرمی سے پیش آنا چاہئے۔ اگر میں نے خود کو تبدیل کرلیا تو مجھے انڈسٹری میں کام ملے گا اور مجھے اب کام چاہئے۔

واضح رہے کہ راکھی ساونت نے بگ باس 14 کو 14 لاکھ روپے لے کر درمیان میں ہی چھوڑدیا تھا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے راکھی ساونت نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ پیسے اپنی ماں کے علاج کیلئے لیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔